سٹی ہاؤسنگ سکیم میرپور بڑا ریاستی سکینڈل ،منصوبہ منگلا ڈیم جیسے قومی اثاثے کیلئے خطرہ ،عوام ،اوورسیز کشمیریوں کیساتھ سنگین دھوکہ ہے،طاہر کھوکھر

جمعرات 7 اگست 2025 18:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)وزیر سیاحت و ٹرانسپورٹ اور مرکزی صدر پاسبانِ وطن پاکستان طاہر کھوکھر نے سٹی ہاؤسنگ اسکیم میرپور کو ایک بڑا ریاستی اور مالیاتی اسکینڈل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ نہ صرف منگلا ڈیم جیسے قومی اثاثے کے لیے خطرہ بن چکا ہے بلکہ آزاد کشمیر کی زمین عوام اور اوورسیز کشمیریوں کے ساتھ ایک سنگین دھوکہ ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر کھوکھر نے کہا کہ سٹی ہاؤسنگ نے جس مقام پر میرپور میں منصوبہ شروع کیا ہے وہاں ماضی میں زمین سرکنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے متعدد واقعات ہو چکے ہیں اب تک 37 سے زائد گھر منہدم یا متاثر ہو چکے ہیں اور اگر اس مقام پر تعمیر جاری رہی تو منگلا ڈیم سمیت وسیع تر علاقہ متاثر ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

طاہر کھوکھر نے سٹی ہاؤسنگ کے خلاف منی لانڈرنگ کے سنگین الزامات بھی عائد کیے اور کہا کہ اس تمام فراڈ کے پیچھے ملک عامر اسحاق (داماد ملک ریاض) کا ہاتھ ہے جنہوں نے پنجاب اور دبئی میں استعمال کیے گئے فراڈی ماڈل کو اب کشمیر میں آزمایایہ ماڈل کشمیریوں اور اوورسیز کشمیریوں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے جھوٹے خواب دکھا کر لاکھوں لوگوں کی عمر بھر کی کمائی لوٹی جا رہی ہے۔

پاسبانِ وطن پاکستان کے صدر نے کہا کہ اس پورے فراڈ میں مرکزی سہولت کار غلام مصطفیٰ شاہ ہے جو دو مختلف کمپنیوں میں حصہ دار ہے یہ کمپنیاں یورپ، برطانیہ اور خلیجی ریاستوں میں مہنگے ہوٹلوں میں تقریبات اور اشتہارات کے ذریعے کشمیریوں کو لوٹتی رہیں ڈیلرز تیار کیے گئے جھوٹے بروشرز بانٹے گئے لیکن حقیقت زمین پر صفر ہے۔انہوں نے کہا کہ اداروں کو غلام مصطفیٰ شاہ سے فوری طور پر پوچھ گچھ کرنی چاہیے کہاشتہارات اور ہوٹل تقریبات کے اخراجات کہاں سے آئے کس اکاونٹ سے ادا کیئے گئے اوورسیز سے لی گئی ایڈوانس رقم کہاں گئی کس اکاونٹ میں گئے کیا کمپنیوں کے اکاؤنٹس موجود بھی ہیں یا نہیں طاہر کھوکھر نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ایک علٰحدہ ریاستی حیثیت ہے خواہ برائے نام ہی سہی مگر جس طرح اس مافیا نے ریاست میں گھس کر لوٹ مار اور فراڈ کا بازار گرم کیا ہے یہ کھلی بغاوت کے مترادف ہے یہ صرف مالی فراڈ نہیں بلکہ آزاد کشمیر کی ریاستی خودمختاری قانونی نظام اور عوامی اعتماد پر حملہ ریاستی خودمختاری کے خلاف کھلی سازش ہے۔

سابق وزیر نے کہاک جب اتنے شواہد حقائق اور متاثرین موجود ہیں تو پھر ریاستی ادارے خاموش کیوں ہیں اتنے بڑے اسکینڈل پر آنکھیں بند کر لینا ادارہ جاتی ناکامی ہے طاہر کھوکھر نے مطالبہ کیا کہ سٹی ہاؤسنگ میرپور کے خلاف فوری تحقیقات کا آغاز کیا جائے غلام مصطفیٰ شاہ کو گرفتار کر کے اس کے مالی نیٹ ورک اور سہولت کاروں کا کھوج لگایا جائے میرپور میں زمین کی قانونی حیثیت کمپنی کی رجسٹریشن اور اکاؤنٹس کی مکمل جانچ کی جائے۔

مقامی سطح پر شامل پٹواریوں سے لے کر بالا افسران اور تمام سہولت کاروں کو بے نقاب کیا جائے سٹی ہاؤسنگ میرپور اسکیم اب صرف ایک تعمیراتی منصوبہ نہیں بلکہ ایک ایسی دھوکہ دہی کی کہانی بن چکی ہے جس میں لاکھوں کشمیریوں خاص طور پر اوورسیز کے جذبات اعتماد اور محنت کی کمائی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام شواہد زمین کی حقیقت مالی بے ضابطگیاں اور عوامی شکایات سامنے آ چکی ہیں تو ریاستی ادارے اب تک خاموش کیوں ہیں کیا مافیاز اتنے طاقتور ہو چکے ہیں کہ ریاستی ڈھانچے کو چیلنج کر رہے ہیں اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو کل کوئی اور گروہ ریاست میں گھس جائے گا۔