آتشزدگی کے بڑھتے واقعات، سندھ حکومت کی عدم توجہی اور نااہلی کا ثبوت، فوری اقدامات ناگزیر ہیں، احمد ندیم اعوان

جمعرات 7 اگست 2025 23:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے لانڈھی میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی فیکٹری میں لگنے والی آگ پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات حکومتی توجہ کے سخت متقاضی ہیں۔ ہر واقعہ قومی معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا رہا ہے، مگر حکومت سندھ کی بے حسی اور اداروں کی نااہلی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آگ بجھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور فوری رسپانس سسٹمز موجود ہیں، لیکن بدقسمتی سے کراچی جیسے بڑے صنعتی شہر میں نہ صرف فائر فائٹنگ کی سہولیات ناکافی ہیں بلکہ بروقت کارروائی کا کوئی موثر نظام بھی نہیں۔ ہر حادثے کے بعد عوام کو جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ حکومت صرف بیان بازی پر اکتفا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

احمد ندیم اعوان نے کہا کہ سندھ حکومت نہ تو آتشزدگی جیسے سنگین حادثات کی روک تھام کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور نہ ہی متاثرہ تاجروں کے نقصانات کا ازالہ کیا جا رہا ہے، جس کے باعث سرمایہ کار مایوسی کا شکار ہوکر اپنی صنعتیں بیرونِ ملک منتقل کر رہے ہیں۔ یہ صورتحال ملکی معیشت کے لیے شدید خطرے کی علامت ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ دنیا بھر میں حکومتیں تاجروں کو سہارا دیتی ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ معیشت کا انحصار انہی کی سرمایہ کاری پر ہے۔

افسوس ہے کہ سندھ حکومت نہ کوئی جامع پالیسی دے سکی ہے اور نہ ہی تاجروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے کوئی عملی قدم اٹھا رہی ہے۔مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر نے مطالبہ کیا کہ آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں، فائر بریگیڈ سسٹم کو جدید بنایا جائے، اور متاثرہ تاجروں کے نقصان کا مداوا کیا جائے تاکہ ان کی ہمت بندھ سکے اور وہ ملک میں ہی سرمایہ کاری جاری رکھ سکیں۔