دارالخیر میر واعظ منزل کی طرف سے آتشزدگی سے متاثرہ خاندانوں میں امدادی سامان تقسیم

جمعرات 7 اگست 2025 22:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں دارالخیر میر واعظ منزل نے تنظیم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی جانب سے سرینگر کے علاقے رعناواری میں آتشزدگی کے اندوھناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جس کے نتیجے میں تین مکانات جل کر خاکستر ہو گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دارالخیر نے ایک بیان میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اپنی گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور اس المناک واقعے کے متاثرین کی فوری امداد اور بحالی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

دارالخیر میرواعظ منزل کے ایک وفد نے مفتی غلام رسول سامون کی قیادت میں متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اورمتاثرہ خاندانوں میں چاول، آٹا، کمبل اور دیگر ضروری امدادی سامان تقسیم کیا ۔انہوں نے اس موقع پر کہاکہ دارالخیر میرواعظ منزل نے اپنے قیام کے بعد سے بلا تفریق ذات، مذہب یاعقیدہ قدرتی آفات کے دوران ضرورت مند افراد کی ہر ممکن مدد کی ہے ۔