جامعہ مہران جامشورو میں "معرکۂ حق اور یومِ آزادی" کی مناسبت سے تقریبات جاری

جمعہ 8 اگست 2025 14:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، جامشورو میں "معرکۂ حق اور یومِ آزادی" کی مناسبت سے یکم اگست سے جاری تقریبات کے سلسلے میں گزشتہ روز مہران یونیورسٹی ڈیبیٹنگ سوسائٹی کی جانب سے مختلف تقریبات منعقد کی گئیں، جن میں طلبہ و طالبات کے درمیان قومی نغمے، شاعری، ڈرامہ، بیت بازی اور تقریری مقابلے شامل تھے۔

اس موقع پر جامعہ سندھ کے وائس چانسلر ڈاکٹر خلیل الرحمان خمباتی نے بطور مہمانِ خاص اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہران یونیورسٹی میں یومِ آزادی کی شاندار تقریبات منعقد کی گئی ہیں، جن سے طلبہ کو سیکھنے کے بے شمار مواقع میسر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ایچ ای سی سندھ کی ہدایات کے تحت، یکم اگست سے صوبے کی تمام جامعات میں یومِ آزادی کی تقریبات جوش و خروش سے منائی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جو جنگ دشمن نے شروع کی تھی، پاکستان نے اسے فتح کے ساتھ ختم کیا، اور پاکستان کی کامیابی کی بدولت اس بار آزادی کی تقریبات غیر رسمی انداز میں، مگر جذبہ حب الوطنی کے ساتھ منائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے وابستگی اور سچائی کے جذبے کے ساتھ ہم ہر مشکل کا کامیابی سے مقابلہ کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر مہران یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیل کمار، ڈین ڈاکٹر عبد الستار لاڑک، رجسٹرار لچھمن داس سوٹھڑ اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ آخر میں مختلف مقابلوں کے کامیاب طلبہ و طالبات کو انعامات اور شیلڈز بھی دی گئیں۔