محسن نقوی کا میدان لکشمی پور کے ہیرو میجر طفیل محمد شہید کوزبردست الفاظ میں خراج عقیدت

جمعہ 8 اگست 2025 16:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میدان لکشمی پور کے ہیرو میجر طفیل محمد شہید کوزبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیاہے۔ اپنے پیغام میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے میجر طفیل محمد شہید کے یوم شہادت پر کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نے 8 اگست کو اپنے قیمتی خون سے بہادری و جرات کی تاریخ لکھی اور دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملا کر سبز ہلالی پرچم کو سرخرو کیا۔

انہوں نے کہا کہ نشان حیدر کے وارث، عظیم سپاہی نے دشمن کو اس کی صفوں میں گھس کر مارا۔میجر طفیل محمد شہید نے دشمن کی گولیوں کا سامنا کرتے ہوئے بٹالین کی قیادت کی اور شجاعت کی لازوال داستان رقم کی۔ میجر طفیل محمد شہید نے زخمی ہونے کے باوجود پیش قدمی نہ روکی اور دشمن کو پسپائی پر مجبور کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بے مثال شجاعت کا یہ عظیم لمحہ ہماری نئی نسلوں کو ہمیشہ حوصلے اور عزم کا درس دیتا رہے گا۔

قوم میجر طفیل محمد شہید کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے سب سے آگے کھڑے ہو کر جنگ کی کایا پلٹ دی۔ میجر طفیل محمد شہید کے آخری الفاظ کہ میں نے اپنا کام مکمل کر دیا ہے، دشمن بھاگ گیا ہے، آج ایک قومی حقیقت ہے اور میجر طفیل محمد شہید کے یہ تاریخی الفاظ آج بھی وطن کے ہر سپاہی کا نعرہ ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دلیرانہ قیادت میں پاک بھارت جنگ کے دوران یہ سنہرے الفاظ ہر میدان میں گونجتے رہے اور دشمن کو ہر محاذ پر ہزیمت اٹھانا پڑی۔

حالیہ جنگ میں ہمارا ہر سپاہی، میجر طفیل محمد شہید بن کر لڑا اور اللہ تعالی نے قوم کو بے مثال فتح عطا فرمائی۔دشمن کو دندان شکن جواب دینے والے میجر طفیل محمد شہید کو سلام۔میجر طفیل محمد شہید کی لازوال قربانی کو دلیر قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔