گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات

جمعہ 8 اگست 2025 18:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سےان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خیبر پختونخوا میں تجارت، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس دوران برآمدات میں اضافے کے لئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، پاکستان ہارٹیکلچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی، جیمز اینڈ جیولری اور تمباکو سیکٹر کے کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ٹی ڈی اے پی حکام گورنر خیبر پختونخوا سے ملاقات کریں اور پشاور میں زیر تعمیر ایکسپو سینٹر سے متعلق حکمتِ عملی اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دیں۔

ملاقات میں گورنر خیبر پختونخوا نے وزارتِ تجارت کی برآمدات کے فروغ کے لئے کوششوں کو سراہا اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ حکومت جامع اور شمولیتی معاشی ترقی کے لئے پرعزم ہے تاکہ تجارت اور معیشت کے ثمرات تمام صوبوں تک پہنچ سکیں جن میں خیبر پختونخوا بھی شامل ہے۔