معاون خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر لالچند اکرانی کا آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے امن امان پر اہم اجلاس

جمعہ 8 اگست 2025 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور و پاکستان پیپلز پارٹی منارٹی ونگ سندھ کے صدر ڈاکٹر لالچند اکرانی نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے صوبے میں امن امان پر اہم اجلاس کیا۔ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی منارٹی ونگ ڈویژن کراچی کے صدر مشتاق مٹو، ڈویژن سکھر کے صدر مکھی ایشور لعل ماکھیجا، ڈویژن شہید بینظیرآباد کے صدر چندو مل سوچی، ڈویژن میرپور خاص کے صدر رمیش کمار مالھی، ڈویژن حیدرآباد کے صدر دلیپ کمار رامچندانی، ڈویژن لاڑکانہ کے انفارمیشن سیکریٹری ایڈووکیٹ مولچند مکوانہ اور پوج ہندو پنچایت لاڑکانہ کی سابقہ چیئرپرسن کلپنا دیوی بھی شامل تھیں۔

اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور بالخصوص اقلیتی برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر لالچند اکرانی نے آئی جی سندھ کو صوبے میں اقلیتی برادری کے خلاف بڑھتے جرائم اور واقعات سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ کی ترجیحات میں اقلیتوں کا تحفظ سرفہرست ہے۔

شرکا نے آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ پِریا کماری کی بازیابی کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے یقین دہانی کرائی کہ پولیس ہر شہری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور تمام ڈی آئی جیز کو ہدایت جاری کردی گئی ہے کہ وہ اپنے اضلاع میں پی پی پی منارٹی ونگ کے ڈویژنل صدور سے ہر ماہ ملاقات کریں اور اقلیتی عبادت گاہوں، رہائش گاہوں اور تقریبات کی سیکورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔آئی جی سندھ نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔