ماحولیاتی بحالی وشجرکاری کے فروغ کیلئے جدید ہائیڈروسیڈنگ ٹیکنالوجی کا آغازکردیا ،مریم اورنگزیب

جمعہ 8 اگست 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) سینئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ماحولیاتی بحالی اور شجرکاری کے فروغ کے لیے محکمہ جنگلات نے پاکستان میں پہلی مرتبہ دنیا میں تسلیم شدہ جدید ترین ہائیڈروسیڈنگ ٹیکنالوجی متعارف کروادی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اس جدید طریقہ کار کا مقصد بنجر اور کٹائو زدہ زمینوں کو تیزی سے سرسبز و شاداب بنانا، مٹی کے کٹا ئوکی روک تھام اور ماحولیاتی توازن کی بحالی ہے۔

محکمہ جنگلات نے ابتدائی مرحلے میں فاریسٹ پارک جلو لاہور اور تخت پڑی راولپنڈی میں کئی ایکڑ رقبے پر بیج، کھاد، پانی اور نامیاتی اجزا پر مشتمل محلول کو خصوصی مشینری کے ذریعے اسپرے کیا۔

(جاری ہے)

اس طریقہ کار کی بدولت کم وقت اور محنت میں زیادہ اور دیرپا نتائج حاصل کیے جا سکیں گے۔سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ ہائیڈروسیڈنگ ٹیکنالوجی بنجر زمینوں، پہاڑی ڈھلوانوں، کٹائو زدہ علاقوں، سڑکوں کے کناروں، ہائوسنگ اسکیموں اور صحرائی خطوں جیسے تھر، چولستان اور بلوچستان کے لیے نہایت موزوں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی پنجاب کو ماحولیاتی بحالی اور زمین کی تزئین میں ملکی قیادت کا کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گی اور مستقبل میں اس منصوبے کو مزید اضلاع میں توسیع دی جائے گی تاکہ بڑے پیمانے پر سبزہ کاری ممکن ہو سکے۔ہائیڈروسیڈنگ دنیا بھر میں کامیابی سے استعمال ہو رہی ہے، امریکہ میں ہائی ویز اور گالف کورسز، چین میں صحرائی بحالی، جبکہ آسٹریلیا، کینیڈا، برطانیہ، اسپین، سعودی عرب اور یو اے ای میں شہری سبزہ کاری اور واٹرشیڈ مینجمنٹ میں یہ ٹیکنالوجی رائج ہے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ پانی کی کمی، خصوصی مشینری اور تربیت یافتہ عملے کی قلت و پتھریلی یا غیر زرخیز مٹی جیسے چیلنجز کے باوجود یہ منصوبہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور سبز انقلاب لانے کی ایک موثر حکمت عملی ہے۔پنجاب ہائیڈروسیڈنگ کے ذریعے ماحولیاتی بحالی میں نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں ایک مثال قائم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی آنے والی نسلوں کے لیے سرسبز مستقبل کی ضمانت ہے۔