xیو ای ٹی لاہور نے یورپی یونین سے 8 لاکھ یورو کی گرانٹ جیت لی

جمعہ 8 اگست 2025 21:20

Qلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2025ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور نے یورپی یونین کے ایراسمس+ سی بی ایچ ای پروگرام کے تحت 8 لاکھ یورو کی گرانٹ جیت لی۔ یہ 2025ء میں پاکستان سے منظور ہونے والا واحد منصوبہ ہے۔ یو ای ٹی لاہور اپنے BRIDGE پراجیکٹ کے تحت قومی و بین الاقوامی کنسورشیم کی قیادت کرے گا، جس میں سات پاکستانی ادارے، پاکستان انجینئرنگ کونسل اور دو یورپی جامعات بشمول لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی (پنجاب)، پاک آسٹریا فاخ ہوخشولی: انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (خیبر پختونخوا)، این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (سندھ)، بلوچستان یونیورسٹی آف آئی ٹی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز ط بیوٹمز (بلوچستان)، قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی (گلگت بلتستان)، پاکستان انجینئرنگ کونسل (قومی ریگولیٹری ادارہ)، ڈبلن سٹی یونیورسٹی (آئرلینڈ)، اور نیشنل ٹیکنیکل یونیورسٹی آف ایتھنز (یونان) شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پراجیکٹ کے اہم اہداف میں تین سال میں 10 ہزار سے زائد افراد کی تربیت، انڈسٹری 5.0 اور ڈیجیٹل انوویشن کے لیے جدید سینٹر آف ایکسیلنس کا قیام، 15 کورسز کا جدید نصاب، اور صنعت کی ضروریات کے مطابق CPD پروگرامز شامل ہیں۔ اس شراکت داری سے پاکستان میں ڈیجیٹل انوویشن، اعلیٰ تعلیم اور صنعت میں جدت کو فروغ ملے گا۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے ٹیم لیڈ کو مبارکباد دی اور انکی حوصلہ افزائی کی۔ انکا کہنا تھا کہ اس پراجیکٹ کی نمائندگی سے نا صرف انٹرنیشنل رینکنگ میں مزید بہتری آئے گی بلکہ یو ای ٹی کا عالمی سطح پر نام بھی روشن ہو گا۔ یہ ایک عالمی اعزاز ہے تمام سائنسدانوں کو اس سے موٹیویشن لینی چاہیے اور عالمی سطح کے پراجیکٹس میں حصہ لینا چاہیے۔