پنجاب، پاکستان کی تاریخ کا پہلا ٹنل بورنگ سیوریج منصوبہ منظور

لاریکس کالونی سے گلشن راوی تک 32کلومیٹر سے زائد سیوریج لائن کی تنصیب کی جائے گی، منصوبے کی تکمیل سے تقریبا 25لاکھ کی آبادی براہ راست مستفید ہو سکے گی، محکمہ ہائوسنگ پنجاب

جمعہ 8 اگست 2025 21:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)شہریوں کی روزمرہ زندگی میں خلل ڈالے بغیر زیر زمین سیوریج تنصیب کیلئے پاکستان کی تاریخ کا پہلا ٹنل بورنگ سیوریج منصوبہ منظور کر لیا گیا۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل نے منصوبے کی منظوری دے دی۔ترجمان محکمہ ہائوسنگ پنجاب کے مطابق لاریکس کالونی سے گلشن راوی تک 32کلومیٹر سے زائد سیوریج لائن کی تنصیب کی جائے گی، منصوبے سے وسطی لاہور کے گنجان آباد علاقوں کے نکاسی آب کے نظام کا دیر پا حل ممکن ہو سکے گا۔

منصوبے کی تکمیل سے تقریبا 25لاکھ کی آبادی براہ راست مستفید ہو سکے گی، ٹنل بورنگ منصوبہ نہ صرف لاہور بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق پائپ کی تیاری جدید ورٹیکل سپننگ مشین سے کی جائے گی، ورٹیکل اسپننگ ٹیکنالوجی سے پائپ کی عمر تقریبا 100سال سے زائد ہو جاتی ہے، وسائل کی بچت کیلئے منصوبے کی تکمیل کے بعد شہر میں قائم 22سے زائد لفٹ سٹیشنز کو بند کر دیا جائے گا۔

منصوبے کی پلاننگ اور ڈیزائن معروف امریکی کنسلٹنٹ ای بی اے انجینئرنگ نے کی ہے جبکہ اس کا باقاعدہ آغاز ہونے کے بعد تکمیل جون 2028ء تک ہوگی۔ ٹنل بورنگ سے سیوریج نظام کو بابو صابو ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے منسلک کیا جائے گا۔ترجمان محکمہ ہائوسنگ کے مطابق منصوبہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ذاتی دلچسپی، ویژن اور قیادت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پنجاب حکومت کا ٹنل بورنگ منصوبہ شہری سہولیات میں بہتری کے لیے جاری جدوجہد کا مظہر ہے، یہ منصوبہ لاہور کے لاکھوں شہریوں کے لیے بہتر، جدید اور باوقار زندگی کی جانب اہم قدم ہے۔