Live Updates

قوانین پر بلا امتیاز، سخت اور مسلسل عمل درآمد یقینی بنایا جائے ، پیر ارشدکاظمی

ہفتہ 9 اگست 2025 17:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)تحریک اہلِ سنت پاکستان کے مرکزی رہنما پیر سید ارشد علی کاظمی القادری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے بلڈنگ کنٹرول قوانین میں ترامیم اور سخت قانون سازی کا فیصلہ بلاشبہ خوش آئند ہے، لیکن اصل امتحان اس وقت ہوگا جب ان قوانین پر بلا امتیاز، سخت اور مسلسل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، کیونکہ ماضی کے تجربات گواہ ہیں کہ قوانین کی موجودگی کے باوجود ان پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ہی غیر قانونی اور کمزور عمارتیں وجود میں آئیں، جو معمولی زلزلے یا بارش میں زمین بوس ہو کر انسانی جانوں کا ضیاع کرتی رہیں۔

انہوں نے کہاکہ لیاری بغدادی میں کثیر المنزلہ رہائشی عمارت کے گرنے کا سانحہ اس حقیقت کا کھلا ثبوت ہے کہ کراچی میں غیر قانونی تعمیرات اور بلڈنگ مافیا کی سرگرمیاں اس حد تک بڑھ چکی ہیں کہ شہریوں کی جان و مال ہر لمحہ خطرے میں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 4 جولائی کو پیش آنے والا یہ افسوسناک اور دل دہلا دینے والا حادثہ درجنوں قیمتی جانیں نگل گیا اور کئی خاندانوں کو ہمیشہ کے لیے بے گھر کر گیا، جو تعمیراتی شعبے میں قانون شکنی، بدعنوانی اور چشم پوشی کا براہِ راست نتیجہ ہے۔

پیر ارشد علی کاظمی القادری نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ کے لیے قانون سازی کرنے کے ساتھ ساتھ ان تمام ماضی کے ذمہ داران کو بھی کٹہرے میں لایا جائے جنہوں نے ذاتی مفاد یا رشوت کے لالچ میں غیر قانونی تعمیرات کی اجازت دی یا چشم پوشی اختیار کی، کیونکہ جب تک اصل مجرموں کو سزا نہیں ملے گی تب تک یہ کھیل جاری رہے گا اور شہریوں کی زندگیاں خطرے میں رہیں گی۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی کی تمام مخدوش، غیر قانونی اور غیر محفوظ عمارتوں کی فوری نشاندہی کی جائے، ان کے مکینوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کر کے انہدام کا عمل تیز کیا جائے، تاکہ مزید انسانی جانوں کا نقصان نہ ہو اور تعمیراتی شعبے میں شفافیت لانے کے لیے ایسا نظام بنایا جائے جس میں کسی بھی منصوبے کو مکمل سائنسی جانچ، انجینئرنگ اسسمنٹ اور بلڈنگ کوڈز کی پاسداری کے بغیر اجازت نہ مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک اہلِ سنت پاکستان کے کارکنان، ذمہ داران اور رضاکار اس عوامی آگاہی مہم میں بھرپور حصہ لیں گے جس کا مقصد شہریوں کو یہ باور کرانا ہے کہ کسی بھی غیر محفوظ یا غیر قانونی عمارت میں رہائش اختیار کرنا اپنے اور اپنے خاندان کی زندگی کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے۔ اس سلسلے میں ائمہ مساجد، سماجی رہنماؤں اور مقامی تنظیموں کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ یہ پیغام ہر گھر تک پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی زندگی سب سے قیمتی ہے اور اسے بچانے کے لیے ہر سطح پر عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات