معرکہ حق اور یومِ آزادی 2025 کے موقع پر خصوصی بوٹ ریلی کا انعقاد

ہفتہ 9 اگست 2025 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) معرکہ حق اور یومِ آزادی 2025کے موقع پر صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز محمد علی ملکانی کی قیادت میں ایک شاندار بوٹ ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد قومی جذبے اور آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ۔ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق بوٹ ریلی میں خصوصی معاونین برائے وزیراعلی سندھ حسین اسلام بھٹی اور آصف خان، سیکریٹری لائیو اسٹاک ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی، ایم ڈی فش ہاربر زاہد کھیمٹیو، ڈپٹی کمشنر کیماڑی طارق چانڈیو، ایڈیشنل سیکریٹری اور ڈائریکٹرز سمیت محکمہ لائیو اسٹاک و فشریز کے افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر محمد علی ملکانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "ہر سال کی طرح اس سال بھی بوٹ ریلی کا انعقاد جوش و جذبے سے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

چند ماہ قبل بھارت نے حملہ کرکے جنگ کی ابتداء کی تھی، لیکن ہماری مسلح افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، پاکستان کی عوام ہمیشہ اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اس سال ہم نہ صرف آزادی کا جشن منا رہے ہیں بلکہ معرکہ حق کی فتح بھی جوش و جذبے سے یاد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سمندر کی صفائی کے لیے محکمہ مسلسل کام کر رہا ہے، یہ بات درست ہے کہ سمندر میں کچرا موجود ہے، لیکن اس کے حل کے لیے ٹریٹمنٹ پلانٹس پر کام جاری ہے، جس سے سمندری ماحول میں نمایاں بہتری آئے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی ہے، آب حیات کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت کی ہے اور ہم اس فرض کو پوری ذمہ داری سے نبھا رہے ہیں۔اس موقع پر ماہی گیروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔