پاک افواج ہمارا فخر ہیں، خواجہ عمران نذیر، مودی سرکار کی پالیسی نے ثابت کردیا کہ پاکستان بنانے کا فیصلہ سو فیصد درست تھا ، شازیہ عابد

اتوار 10 اگست 2025 11:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) ماضی کی طرح اس بار پھر وطن عزیز کا یوم آزادی بھرپور جوش و خروش سے منایا جائے گا ، اس بار بھارت کوپاکستان کے ہاتھوں شکست نے جشن آزادی میں جیت کا جوش بھی شامل کر دیاہے ، یوم آزادی کے سلسلہ میں ابھی سے صوبائی دارالحکومت میں عمارتوں کا سجانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ، عمارتوں اور سڑکوں کو خوبصورت برقی لائٹس کے ذریعے سجا یا گیا ہے ، جبکہ شہر بھر میں قومی پرچم کی فروخت کے لیے خصوصی سٹالز بھی لگ چکے ہیں جہاں پر بیجز کے ساتھ ساتھ قومی پرچم کے رنگوں کی مناسبت سے بچوں کے کپڑے فروخت کیے جار ہیں۔

جشن آزادی کے حوالے سے مختلف سیاسی رہنمائوں نے اے پی پی سے بات کرتے ہوئے افواج پاکستان کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہمارا فخر ہیں ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا جس پر پوری قوم کو فخر ہے اور آج ہم خود کو پہلے سے زیادہ محفوظ سمجھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے دوبارہ ایسی کوئی کوشش کی تو ہماری بہادر افواج اسے نشان عبرت بنا دیں گی ۔پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا کہ اس بار کا یوم آزادی نہیں بلکہ باقاعدہ جشن آزادی ہے جس میں جیت کا جوش بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے بیش بہا قربانیاں دے کر الگ وطن حاصل کیا جس میں ہم آج بلا خوف و خطر آزادی کی زندگی جی رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی راحیلہ خادم حسین اور پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی شازیہ عابد نے کہا کہ مودی سرکار کی پالیسی نے ثابت کردیا کہ پاکستان بنانے کا فیصلہ سو فیصد درست تھا ۔آج بھارت کے اندر نہ صرف مسلمانوں کا حال خراب ہے بلکہ سکھ ، عیسائی اور نچلی ذات کے ہندووں کا بھی عزت کا ساتھ زندہ رہنا محال ہوچکا ہے ۔ \395