آل پاکستان انجمن تاجران کانیلا گنبد پارکنگ پلازے کی تعمیر کیلئے پیشرفت پر اطمینان کا اظہار ، مسائل سے بچنے کیلئے تاجر وںکو مشاورت میں شامل کیا جائے ، اشرف بھٹی

اتوار 10 اگست 2025 13:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے نیلا گنبد پارکنگ پلازے کی تعمیر کیلئے پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد سامنے آنے والے مسائل سے بچنے کیلئے تاجر نمائندوں کو مشاورت کے عمل میں شامل کیا جائے ۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف منصوبے شروع کرنے کے حوالے سے رسمی اعلانات نہیں کر رہیں بلکہ منصوبوں کے لئے عملی پیشرفت بھی کر رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

ٹولنٹن مارکیٹ مال روڈ پارکنگ پلازے کا ٹینڈر جاری ہونا ،منصوبے کی تکمیل 9 ماہ میں کرنے کا عزم اورنیلا گنبد پارکنگ پلازے کیلئے پری کوالیفکیشن جاری کرنا اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجروں کے دیگر بھی دیرینہ مسائل ہیں جنہیں حل کرنے کی ضرورت ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تاجر تنظیموں کے رہنمائوں سے ملاقات کر کے ان سے آگاہی حاصل کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھرپور آپریشن خوش آئند ہے تاہم حکومت متاثرہ افراد کو کاروبار کے لئے مناسب جگہیں فراہم کرے تاکہ ان کے گھر کا چولہا جل سکے۔