مسلم کانفرنس کی جانب سے یومِ نیلہ بٹ اور یومِ آزادی کی تیاریاں عروج پرپہنچ گئیں

آزاد کشمیر میں حالات خراب کرنے کی منظم سازش جاری ،رہنماء مسلم کانفرنس میجر (ر) نصراللہ خان

اتوار 10 اگست 2025 15:40

مظفرآباد/دھیرکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے 14 اگست یومِ آزادی پاکستان اور 23 اگست یومِ نیلہ بٹ کی تقریبات کے لیے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ پارٹی کے تمام عہدیداران اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مصروف ہیں اور ہدایت کی گئی ہے کہ دونوں تاریخی ایام کو بھرپور قومی جذبے سے منایا جائے۔

عوامی رابطہ کمیٹی کے چیئرمین میجر (ر) نصراللہ خان نے دھیرکوٹ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور عوام سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کی ہدایت پر یومِ نیلہ بٹ اور معرکہ حق کی یاد کو زندہ رکھنے کے لیے 23 اگست کو عظیم الشان اجتماع منعقد کیا جائے گا، جبکہ 14 اگست یومِ آزادی پاکستان بھی شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا۔

(جاری ہے)

میجر (ر) نصراللہ خان نے اپنی گفتگو میں آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایکشن کمیٹی کی مٹی میں چھپی قوتیں مسلسل آزاد کشمیر کے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ایک منظم منصوبے کے تحت انارکی پھیلائی جا رہی ہے اور انتظامیہ کو مفلوج کیا جا رہا ہے، پولیس اور سول نظام کو غیر فعال بنایا جا رہا ہے تاکہ ایف سی اور رینجرز کی آزاد کشمیر میں تعیناتی کا راستہ ہموار کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ جب انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کمزور ہوں گے تو حالات بگاڑنے والے عناصر کو کھلی چھوٹ مل جاتی ہے، جس کے بعد حکومت کے پاس یہ جواز پیدا ہو جاتا ہے کہ وہ ایف سی اور رینجرز کو طلب کرے۔ میجر (ر) نصراللہ خان کے مطابق یہ صورتحال نہ صرف آزاد کشمیر کے آئینی تشخص بلکہ اس کی خصوصی حیثیت کے لیے بھی خطرناک ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں جب مسئلہ کشمیر دنیا میں ایک بار پھر فلیش پوائنٹ کی حیثیت اختیار کر رہا ہے، ایسے وقت میں بیس کیمپ (آزاد کشمیر) میں مہاجرینِ مقبوضہ کشمیر کی نشستیں ختم کر کے نیا تنازع پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یہ اقدام تحریکِ آزادی کشمیر کو کمزور کرنے اور جاری جدوجہد کو نقصان پہنچانے کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔میجر (ر) نصراللہ خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس اور کشمیری عوام اس سازش کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہیں اور کسی کو بھی تحریکِ آزادی کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 14 اگست اور 23 اگست کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں اور دنیا کو یہ پیغام دیں کہ کشمیری عوام اپنے تشخص اور آزادی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔