معلوم نہیں تھا پاکستان کا ردعمل کیا ہوگا اور ہم کیا جواب دیں گے، انڈین آرمی چیف

اگلی بار کیا پاکستان سب تنہا کرے گا یا اسے کسی دوسرے ملک کی مدد بھی حاصل ہوگی؟ ہمیں معلوم نہیں لیکن مجھے لگتا ہے وہ تنہا نہیں ہوگا اسی لیے ہمیں احتیاط برتنی ہو گی؛ جنرل اوپیندر دویدی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 اگست 2025 17:58

معلوم نہیں تھا پاکستان کا ردعمل کیا ہوگا اور ہم کیا جواب دیں گے، انڈین ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست 2025ء ) انڈین آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی کا کہنا ہے کہ آپریشن سندور میں ہم نے شطرنج کھیلی، معلوم نہیں تھا پاکستان کا ردعمل کیا ہوگا اور ہم کیا جواب دیں گے۔ بی بی سی کے مطابق چار اگست کو آئی آئی ٹی مدراس میں بھارتی آرمی چیف نے خطاب کیا جس کے مندرجات اب سامنے آئے ہیں، جنرل اوپیندر دویدی نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد وزیر دفاع نے کہا بس بہت ہوگیا جس پر مسلح افواج کے تینوں سربراہان نے واضح کیا کہ کچھ کرنا ضروری ہے، جس کے نتیجے میں کیا جانے والا آپریشن سندور کسی روایتی مشن سے مختلف تھا، اس کا لوگو ایک لیفٹیننٹ کرنل اور این سی او نے بنایا۔

بھارتی آرمی چیف کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کی مدد سے گرے زون کی گہرائی کی اہمیت آئی ہے کیوں کہ آپریشن سندور میں ہم نے شطرنج کھیلی، ہمیں نہیں معلوم تھا کہ پاکستان کی اگلی چال کیا ہوگی اور ہم کیا جواب دیں گے یہی گرے زون ہے، ہم شطرنج کی چالیں چل رہے تھے وہ بھی شطرنج کی چالیں چل رہے تھے، کبھی ہم چیک میٹ کر رہے تھے اور کبھی ہم ہدف کو نشانہ بنا رہے تھے، باوجود اس کے کہ ہمیں نقصان کا خدشہ تھا لیکن زندگی کا کھیل ایسا ہی ہے۔

(جاری ہے)

جنرل اوپیندر دویدی نے کہا کہ ہمارے پاس وقت نہیں ہے کیوں کہ دوسری طرف کور کمانڈر اور نیول کمانڈر تبدیل ہو جائیں گے، ہمیں مستقبل کی پیشگوئی کرنی ہوگی، اگلی بار یہ صورتحال مختلف ہو سکتی ہے کیوں کہ ہمیں نہیں پتہ کیا پاکستان سب تنہا کرے گا یا اسے کسی دوسرے ملک کی مدد حاصل ہوگی؟ ہمیں یہ معلوم تو نہیں ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ پاکستان تنہا نہیں ہوگا اسی لیے ہمیں احتیاط برتنی ہوگی۔