بلوچستان کے موجودہ حالات پر اظہار تشویش،آل پارٹیز کانفرنس کی جائے گی ،ملی یکجہتی کونسل سندھ

تحفظ عقیدہ ختم ِ نبوت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی،رحمت اللعالمین کانفرنس منعقد ہو گی ، اسد اللہ بھٹو کی زیر صدارت اجلاس

اتوار 10 اگست 2025 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اسد اللہ بھٹو کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں صوبائی کونسل کا ایک اجلاس منعقد ہوا،جس میں بلوچستان کے موجودہ حالات پر گہری تشویش اور سیکوریٹی اہلکاروں اور عام شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ۔ اجلاس میں‘ ملک میں بعض عناصر کی جانب سے عقیدہ ختم ِ نبوت کے خلاف کی جانے والی سازشوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عقیدہ ختم ِ نبوت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی ، تحفظ ختم نبوت اور بلوچستان کے حالات کی بہتری کے لیے ملی یکجہتی کونسل اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی ، اجلاس میں طے کیا گیا کہ بہت جلد بلوچستان کی صورتحال کے حوالے سے آل پارٹیز کارنفرنس رکھی جائے گی اور رحمت اللعالمینؒ کانفرنس کا بھی انعقاد کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں رکن مرکزی شوریٰ جمعیت علمائے پاکستان کے قاضی احمد نورانی ،نائب امیر کراچی و سینئر نائب صدر ملی یکجہتی کونسل مسلم پرویز ، مجلس وحدت المسلمین کے صدر ملک غلام عباس ، جمعیت علماء پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹری سید عقیل انجم قادری ، اسلامی جمہوری اتحاد کے نائب صدور ، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی ، علامہ محمد ظاہر شاہ سواتی ، متحدہ جمعیت الحدیث کے امیر صوبہ سندھ عارف رشید مسعود، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے امیر سید اعجاز مصطفیٰ، ہدایت الاھادی کے نائب صدر ممتاز رضا سیال ، پاکستان عوامی تحریک مرکزی علماء کونسل کے صدر مولانا عبد الماجد فاروقی ، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ثقلین اسحاق ، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے عبد العظیم محمدی ، محمد الیاس نے شرکت کی ۔