q سندھ حکومت ٹینکر اور ڈمپر مافیا زکو لگام دے۔ آفاق احمد

iمہاجروں پر تشدد لسانی فسادات کی سازش، ادارے نوٹس لیں ؔیکطرفہ مقدمات نامنظور۔ٹینکر، ڈمپر مافیا کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ پاکستان

اتوار 10 اگست 2025 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2025ء)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے لکی ون کے قریب واٹر ٹینکر حادثے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واٹر ٹینکرز اور ڈمپروں کو شہریوں کو کچلنے کا لائسنس سندھ گورنمنٹ نے دیا ہے ۔ آفاق احمد نے کہا کہ 12اپریل کو ہمارا احتجاج کسی قوم کے خلاف نہیں، ٹینکر اور ڈمپر مافیا زکے خلاف تھا کیونکہ ہیوی ٹریفک کی زد میں آکر مارے جانے والے لوگوں میں ہر زبان اور نسل کے لوگ شامل تھے ۔

متحدہ نے پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر شہری عوام کی پیٹھ میں چھرا گھونپا اور ڈسٹرکٹ سینٹرل میں کہ جہاں سے مجھے ریلی کی قیادت کرنی تھی ،ایک دن کیلئے دفعہ 144لگاکر اور گرفتاریاں کرکے اس احتجاج کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ احتجاج سب کا حق ہے لیکن احتجاج کی آڑ میں شناختی کارڈ چیک کرکے مہاجروں پر تشدد خطرناک عمل ہے جس سے نفرتیں بڑھیں گی ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری طور پر ایسے گھنائونے عمل کوروکنے کیلئے اقدامات کرنا ہونگے کیونکہ اگر یہ سلسلہ دراز ہوا اور بات نسلی ولسانی فسادات تک پہنچی تو پھر کنٹرول کرنا مشکل ہوجائے گا ۔

آفاق احمد نے مزید کہا کہ حادثے کے بعد ٹینکر اور ڈمپر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی بجائے احتجاج کرنے والی عوام کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج قابل قبول نہیں ،پولیس ڈمپر اور ٹینکر مافیا کے خلاف قتل کی ایف آئی آر درج کرے یہی حکومت اور شہر کے مفاد میں ہوگا۔