مسلم لیگ(ن)کے تحت لیاقت آباد ڈاکخانہ چورنگی پر جشن آزادی اور معرکہ حق کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیاگیا

معرکہ حق کے بعد دنیا نے پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کیا،اب وفاقی حکومت ملک کو معاشی طور پر مضبوط کررہی ہے،بشیرمیمن و دیگرکا خطاب

اتوار 10 اگست 2025 22:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے تحت اتوار کو لیاقت آباد ڈاکخانہ چورنگی پر جشن آزادی اور معرکہ حق کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیاگیا۔تقریب کی صدارت مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن نے کی ۔پروگرام کے آرگنائزر مسلم لیگ ن کے رہنماپیر زادہ سید مرتضی الحسن جیلانی تھے۔تقریب میں ن لیگ کے رہنمائوں اسد عثمانی ۔

اسلم خٹک ۔دانش چیمہ اور دیگر موجود تھے۔تقریب میں پرچم کشائی کی گئی اور کیک کاٹا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کو عبرت ناک شکست دی ۔جس پر وزیراعظم شہباز شریف ۔فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت ہوری فوج کو سلام پیش کرتے ہیں۔معرکہ حق کے بعد دنیا نے پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کیا۔

(جاری ہے)

اب وفاقی حکومت ملک کو معاشی طور پر مضبوط کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات جاری ہیں۔اس پرچم کے سائے تلے ہم سب ایک ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبہ بھر ن لیگ کو سیاسی طور پر مضبوط کرریے ہیں۔ہم اپنے قائد نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت جاری رکھیں گے۔ضلع وسطی کراچی میں ن لیگ کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔عوام جشن آزادی ومعرکہ حق بھرپور انداز میں منائیں۔