دو دن میں تیسرا حادثہ؛ لاہور سے ملتان جانیوالی ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں، 4 افراد زخمی

حادثے کے بعد ٹرین کے انجن کو کرین کے ذریعہ نکالنے اور ٹریک کو بحال کرنے کا کام شروع کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 اگست 2025 11:03

دو دن میں تیسرا حادثہ؛ لاہور سے ملتان جانیوالی ٹرین کی بوگیاں پٹری ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے ملتان جانے والی موسی پاک ٹرین رائیونڈ اسٹیشن پر حادثے کا شکار ہوگئی جس کے باعث چار افراد زخمی ہوگئے۔ ریلوے ذرائع کے مطابق ٹرین کا یہ حادثہ ڈرائیور کی طرف سے تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جس کی وجہ سے ٹرین کی دو بوگیاں پٹری سے اُتر گئیں اور اس حادثہ کے نتیجے میں معمولی زخمی ہونے والے 4 افراد ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ حادثے کے بعد ٹرین کے انجن کو کرین کے ذریعہ نکالنے اور ٹریک کو بحال کرنے کا کام شروع کردیا گیا، ریلوے انتظامیہ کی طرف سے ٹرین کی بوگیاں نئے انجن کے ساتھ لگا کر ملتان کے لیے روانہ کردی گئیں۔

گزشتہ روز پاکستان ریلوے کی 2 مسافر ٹرینیں مختلف حادثات کا شکار ہوئی تھیں، ایک حادثہ رحیم یار خان کے قریب ہوا جہاں عوام ایکسپریس حدثے کا شکار ہوئی جس کی وجہ سے عوام ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اترگئیں، ٹرین پشاور سے کراچی جا رہی تھی کہ اس دوران خان پور سٹی پھاٹک پر حادثے کا شکار ہوئی، حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی، حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوئی۔

(جاری ہے)

اسی طرح دوسرا حادثہ بلوچستان میں مستونگ کے قریب سپزنڈ کے مقام پر ہوا جہاں ریلوے ٹریک پر دھماکہ ہوا، اس دھماکے کے وقت کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس وہاں سے گزر رہی تھی جو اس دھماکے میں حادثے کا شکار ہوئی، جس کے باعث ٹرین کی 6 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دو روز قبل بھی بلوچستان کے علاقہ سبی میں ریلوے ٹریک پر دھماکہ ہوا تھا جس میں جعفر ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی تھی، سبی میں ریلوے ٹریک پر دھماکہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کے گزر جانے کے بعد ہوا، جس کے باعث ٹرین کسی بھی قسم کے حادثے سے محفوظ رہی اور دھماکے سے کوئی نقصان نہیں ہوا، جب کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی کالعدم شدت پسند تنظیم بی ایل اے نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

چند روز پہلے 4 اگست کو بھی کوئٹہ سے پشاور کے روٹ پر چلنے والی مسافر ٹرین جعفر ایکسپریس پر اس وقت ایک اور حملے کی کوشش کی گئی جب پیر کی صبح کولپور کے قریب ریلوے ٹریک کی کلیئرنس کے لیے بھیجے گئے پائلٹ انجن پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ٹرین کو دوزان ریلوے سٹیشن پر ہی روک دیا گیا، اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا، بعد ازاں ٹریک کلیئر ہونے کے بعد ٹرین روانہ کی گئی۔