شیخ عزیز کی قربانی نے جدوجہد آزادی میں نئی روح پھونک دی، حریت رہنما

پیر 11 اگست 2025 11:42

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے ممتاز کشمیری رہنما شیخ عبدالعزیز کو آج ان کے 17ویں یوم شہادت پرشاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدائے مظلوم جموں وکشمیر کے ارکان اور دیگر حریت کارکنوں نے سرینگر میں مزار شہدا ء پر حاضری دی اور شہید رہنما کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

تحریک حریت جموں و کشمیر، جموں و کشمیر پیپلز لیگ، جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ، عبدالصمد انقلابی، ڈاکٹر مصعب، خادم حسین، سید سبط شبیر قمی، مولانا مصعب ندوی اور حافظہ فہمیدہ بانو سمیت حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ شیخ عبدالعزیز کی شہادت نے تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی روح پھونک دی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شیخ عزیز نے شہادت کو ترجیح دی لیکن ظالم بھارت کے سامنے کبھی نہ جھکے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام شیخ عبدالعزیز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ علاقے میں جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی ،مشتاق احمد بٹ، الطاف حسین وانی، شیخ یعقوب، سید اعجاز رحمانی، زاہد اشرف اور شمیم شال سمیت دیگر رہنمائوں نے اسلام آباد میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ شیخ عبدالعزیز ایک مخلص اور بے لوث رہنما تھے جنہوں نے زندگی بھر بھارتی جارحیت کے خلاف جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز نے تحریک آزادی کی راہ میں آنے والی مشکلات اور مصائب کا صبروتحمل سے مقابلہ کیا اور عزم و ہمت کی ایک نئی داستان رقم کی۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہدا ء کی قربانیاں تحریک آزادی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور کشمیریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس اثاثے کی حفاظت کریں اور بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف جدوجہد کو مکمل کامیابی تک جاری رکھیں۔