اقلیتوں کا قومی دن، قائداعظم کے وژن پر عملدرآمد پیپلز پارٹی کا تاریخی عزم ہے‘ مخدوم احمد محمود

اقلیتی برادری پاکستان کی مسلح افواج میں بھی دفاع وطن کا فریضہ انجام دے رہی ہے‘سینئر رہنما پیپلز پارٹی

پیر 11 اگست 2025 15:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ 11اگست کو اقلیتوں کا قومی دن قرار دینا سابق صدر آصف علی زرداری کا ایک تاریخی اقدام تھا، جس کا مقصد پاکستان میں اقلیتوں کی خدمات اور قربانیوں کو تسلیم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے بانی قائداعظم محمد علی جناح نے 11اگست 1947ء کی اپنی مشہور تقریر میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق دینے کا اعلان کیا تھا اور اسی وژن کے تحت پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے آئینی، قانونی اور سماجی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا ہے۔

مخدوم احمد محمود کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے لیے سرکاری ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹہ مقرر کیا گیا، جب کہ انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے موثر قانون سازی بھی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری پاکستان کی مسلح افواج میں بھی دفاع وطن کا فریضہ انجام دے رہی ہے جو کہ ان کی حب الوطنی اور قومی وفاداری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں اقلیتوں کی خدمات پاکستان کے وقار کو بلند کر رہی ہیں، اور پیپلز پارٹی اس وژن پر عمل پیرا ہے کہ فیصلے مذہبی، لسانی یا صنفی امتیاز سے بالاتر ہو کر کیے جائیں۔