Live Updates

جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے زیر اہتمام 14اگست کو ’’پاکستان زندہ باد‘‘ ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا‘جاوید قصوری

وطن عزیز معاشی، سیاسی، سماجی اور معاشرتی بحرانوں کی زد میں ہے، عوام بنیادی حقوق سے محروم ، ملک میں رشوت کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا

پیر 11 اگست 2025 15:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری کی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے زیر اہتمام 14اگست یوم آزادی کے موقع پر پنجاب وسطی کے تمام اضلاع میں ’’پاکستان زندہ باد‘‘ ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا، آزادی کے دن کو بھر پور انداز میں ملی و قومی جذبے حب الوطنی کے ساتھ منایا جائے گا،پاکستان ہمارا ملک اور لاکھوں قربانیوں کا نتیجہ ہے جس کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لئے ملک کر کام کرنا ہو گا ،بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کو اسلام کی تجربہ گاہ قرار دیا تھا جہاں مسلمان بلا خوف و خطر اور آزادنہ طور پر اللہ کے بتائے ہوئے راستے پر چل سکیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ان کا کہناتھا کہ 14اگست 1947کو وجود میں آنے والا پاکستان آج حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں، لوٹ مار اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی بدولت گھمبیر قسم کے مسائل کی زد میں ہے ۔ لوگوں کو دووقت کی روٹی بھی میسر نہیں ،ملک کی نصف آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے ۔

ہمارے بعد آزادہ ہونے والے ہمسایہ ممالک پاکستان کو ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے چھوڑ چکے ہیں ۔بد قسمتی سے پاکستان جنوبی ایشیائی خطے میںسب سے زیادہ مہنگا ملک بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو اس وقت بہت سارے اندرونی اور بیرونی خطرات درپیش ہیں۔ دہشت گردی اور بدامنی سب سے بڑے چیلنجز ہیں۔ عام آدمی مہنگائی، بیروزگاری اور انرجی بحران کی وجہ سے سخت پریشانی کا شکار ہے۔

حکمران ماضی کے ہوں یا موجودہ، سب بڑے بڑے دعوے اور وعدے تو کرتے ہیں مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ کارکردگی کے لحاظ سے ان کا گراف صفر ہے۔ان کا کہناتھا کہ 1947 ء سے لیکر آج تک وطن عزیز معاشی، سیاسی، سماجی اور معاشرتی بحرانوں کی زد میں ہے۔ملک و قوم کو معاشی بحران سے نجات دلانے کے لیے ضروری ہے کہ حکومتی سطح پر غیر ترقیاتی اخراجات میں مناسب حد تک کمی لائی جائے اور تمام سرکاری، نیم سرکاری اداروں، کارپوریشنز اور افراد کو اس پالیسی پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائے۔

مقننہ، عدلیہ، انتظامیہ، تمام سول ملٹری ادارے اپنے غیر ترقیاتی اخراجات و مراعات میں 50 فیصد تک کمی لاکر ملک و قوم کو کمرتوڑتی مہنگائی سے نجات دِلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے پاکستان میں اس وقت مہنگائی اتنی زیادہ ہے کہ عوام کی زندگی مشکل تر ہو چکی ہے۔ قائد اعظم کے پاکستان میں رشوت کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا۔ اقرباء پروری اور سفارش کی وجہ سے اہل اور باصلاحیت افراد کو نظر انداز کردیا جاتا ہے۔ عوام بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم ہے ۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات