عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل گراوٹ

پاکستان میں عوام کو پٹرولیم مصنوعات پر بڑا ریلیف ملنے کا امکان

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 اگست 2025 15:02

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل گراوٹ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست 2025ء ) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل گراوٹ کے باعث پاکستان میں عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا ریلیف ملنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 16 اگست سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پاکستانیوں کو بڑا ریلیف ملنے کی توقع ہے کیوں کہ 11 روز میں عالمی منڈی میں پٹرولیم خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل بڑی گراوٹ ہوئی ہے، گزشتہ 11 روز میں عالمی منڈی میں امریکی خام تیل 5 ڈالر 71 سینٹ سستا ہوچکا ہے، امریکی خام تیل کی فی بیرل ٹریڈ 69.26 ڈالر سے کم ہو کر 63.48 ڈالر پر آگئی جب کہ 11 روز میں برطانوی برینٹ کی فی بیرل قیمت میں 5 ڈالر 72 سینٹ کی کمی ہوئی ہے، برطانوی برینٹ 71.70 ڈالر سے کم ہو کر 65.98 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل 15 اگست کو کیا جائے گا، قیمتوں کے تعین کی حتمی ورکنگ اوگرا 15 اگست کو وزارت خزانہ کو بھجوائے گا، وفاقی حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے یا کم کرنے کی مجاز ہے، وزیر اعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری ہوگا، پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 16 سے 31 اگست تک رہے گا۔

دوسری طرف ملک میں بجلی کے صارفین پر اربوں روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری کی جا چکی ہے، وفاق کی جانب سے ٹرانسمیشن سسٹم چارجزکی مد میں بجلی کے صارفین پر اربوں روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے نیشنل گرڈ کمپنی نے سسٹم چارجز کی مد میں اضافے کی درخواست نیپرا میں دائرکردی۔ بتایا گیا ہے کہ نیشنل گرڈ کمپنی نے 484 ارب کے سسٹم چارجز وصول کرنے کیلئے درخواست دائرکی ہے، نیشنل گرڈ کمپنی نے 2022/23ء کیلئے 112 ارب روپے کی درخواست دائر کی، 2023/24ء کیلئے 163 ارب روپے مانگے گئے ہیں جب کہ سال 2024/25ء کیلئے 209 ارب روپے وصول کرنے کی درخواست کی گئی ہے، اس حوالے سے نیپرا کی منظوری ملنے پر صارفین سے مذکورہ رقوم کی وصولی کی جائے گی اور صارفین سے بجلی بلوں کی مد میں 284 ارب وصول کیے جائیں گے۔