چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر ایوانِ بالا میں اقلیتوں سے متعلق پارلیمانی کاکس تشکیل دینے کا اعلان

پیر 11 اگست 2025 18:17

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر ایوانِ بالا میں اقلیتوں سے متعلق پارلیمانی کاکس تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے، اس کاکس میں قومی اسمبلی کے اراکین کو بھی نمائندگی دی جائے گی جن کی نامزدگی سپیکر قومی اسمبلی کریں گے۔چیئرمین سینیٹ نے ایوان بالا میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین سینیٹ کی جانب سے مطالبے پر یہ اہم پارلیمانی کاکس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔

سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ خواتین اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود ہمیشہ ان کی ترجیحات میں شامل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم بھی انہوں نے ہمیشہ اس بات کو یقینی بنایا کہ خواتین اور اقلیتوں کو قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کیا جائے اور انہیں بھرپور نمائندگی فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی اقلیتوں اور خواتین کی ترقی و خوشحالی اور زندگی کے ہر شعبے میں ان کی شمولیت کے لئے نمایاں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بھی خواہش ہے کہ خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں آگے لایا جائے، انہیں بااختیار بنایا جائے اور قومی اداروں میں ان کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری بھی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں زندگی کے تمام شعبوں میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے ملازمتوں میں خواتین اور اقلیتوں کے کوٹے میں اضافے اور ایوانِ بالا میں اقلیتوں کو چار فیصد نمائندگی دینے کے لئے کی جانے والی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین اور اقلیتوں کو بھرپور نمائندگی دینا ان معاشرتی ناانصافیوں کے ازالے میں مددگار ہوگا، جن کی وجہ سے یہ طبقات ماضی میں اپنی صلاحیتوں کا مکمل استعمال نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ مجوزہ پارلیمانی کاکس اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، فروغ اور نمائندگی کو یقینی بنانے کے لئے فعال کردار ادا کرے گا۔ مزید برآں سینیٹ کے آئندہ اجلاس میں ایک خصوصی قرارداد بھی پیش کی جائے گی تاکہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اقلیتوں کے کردار کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا جا سکے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس بات کو تسلیم کیا کہ اقلیتوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک کثیرالثقافتی ملک ہے جہاں ہر زبان، ہر عقیدے اور ہر ثقافت سے تعلق رکھنے والے شہری ملک کی ترقی اور استحکام میں بھرپور حصہ ڈال رہے ہیں۔