حکومت سندھ نے دو روز قبل ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ دینے کا اعلان کردیا

پیر 11 اگست 2025 22:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)سندھ کے وزیر داخلہ ، قانون اور پارلیمانی امور ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ : حکومت سندھ نے دو روز قبل ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ دینے کا اعلان کردیا ہے۔ حادثے پر ایف آئی آر درج ہوچکی ہے اور ڈمپر تھانے میں موجود ہے ۔ وہ پیر کو سندھ اسمبلی کے میڈیا کارنر پر صحافیوں سے گفتگو اور پھر سندھ اسمبلی کے ایوان میں ڈمپر حادثات سے متعلق اظہار خیال کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ڈمپر کے حادثات کو بڑھا چڑھا کر بیان بازی کررہے ہیں جو مناسب بات نہیں اگر کوئی غلط بیانی کرے گا تو حکومت کو جواب بھی دینا پڑے گا۔وزیرداخلہ نے کہا کہ شہر میں جو حادثات ہورہے ہیں ان میں صرف ڈمپرز ڈارائیورز قصور وار نہیں بلکہ ہم سب ذمہ دار ہیں، سڑکوں پر پچاس سالوں پرانی گاڑیاں چل رہی ہیں ، اکثرموٹر سائیکل میں لائٹس نہیں ہوتیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ٹریفک کے نظام کی بہتری کے لئے کام کررہے ہیںکراچی کے عوام کے ساتھ کی ضرورت ہے ۔آئندفہ سے ای ٹکٹ سے چالان گھر آئے گا ۔ٹینکر اور ڈمپروالوں کو کہہ دیا ہے کہ آئندہ بغیر کیمرے کے گاڑی نہیں چلے گی ۔لائسنس اتھارٹی سے انکے ڈرائیورز کی ٹریننگ ہوگی ۔ اسی طرح جس کے پاس ایچ ٹی وی لائسنس نہیں ہوگا اس ڈرائیور کو ٹرک نہیں چلانے دیں گے ۔

پرانے ٹرک چلانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ضیا لنجار نے کہا کہ ہم لسانیت نہیں ہونے دیں گے، سندھ میں رہنے والے تمام سندھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان اقلیتوں کو سندھ بھر میں بھرپور تحفظ فراہم کرتا ہے مذہبی رواداری کے حوالے سے سندھ ملک بھر میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے ۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ جشن آزادی اور معرکہ حق مسلح افواج کی جانب سے بھارت کی شکست کو یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے دن عوام خوشیاں ضرور منائیں لیکن ہوائی فائرنگ سے اجتناب کریں ۔دفعہ 144 نافذ ہے جہاں کہیں خلاف ورزی ہوئی اس پر قانونی کارروائی ہوگی۔