چہلم امام حسینؓ ، ڈپٹی کمشنر کرم نے تین روزہ مقامی تعطیلات کا اعلان کردیا،اعلامیہ جاری

دشمن ذلت آمیز شکست کے بعد ہمارے اتحاد و اتفاق میں رخنہ ،انتشار پھیلانے کی کوشش کررہا ہے جسے مل کر ناکام بنا ہوگا،کمشنر کوہاٹ

پیر 11 اگست 2025 20:05

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)قبائلی ضلع کرم میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر تین روزہ مقامی اور ہفتہ وارتعطیلات سمیت مجموعی طورپر پانچ روزہ تعطیلات منائی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر کرم نے چہلم حضرت امام حسین ؓ کے موقع پر(کل) بروز بدھ بمطابق 13 اگست تا جمعہ15 اگست2025 تین روزہ مقامی تعطیلات کا اعلان کیا ہے ۔اس امر کا اعلان گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر نے ایک سرکاری اعلامیہ جاری کرکے کیا ہے۔

ادھر ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وارتعطیلات کے باعث ضلع کرم میں تمام سرکاری و تعلیمی ادارے مجموعی طورپر پانچ دنوں کے لئے بند رہیں گے۔ اعلامیہ کے مطابق چہلم میں ڈیوٹی دینے والے اور تمام محکموں کے سربراہ بغیر اجازت سٹیشن نہیں چھوڑیں گے اورکسی بھی ہنگامی صورت سے نمٹنے کے لئے اپنے سٹیشن پر موجودرہیں گے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء مقامی انتظامیہ نے چہلم کے موقع پر سیکیورٹی کا سخت انتظام کیا ہے اور ضلع بھر خصوصاً صدر مقام پارہ چنار شہر کے داخلی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی ہے۔

ادھرکوہاٹ میں بھی چہلم امام حسینؓ 2025ء کے پُرامن اور منظم انعقاد کیلئے پیر کے روز کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ کی زیر صدارت ڈویژنل سطح پر گرینڈ جرگہ منعقد ہواجس میں کوہاٹ، اورکزئی اور ہنگو کے اضلاع کے اہل سنت و اہل تشیع کے جید علمائے کرام، زعماء، مشران، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ رحیم اللہ محسود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوہاٹ حامد اقبال، پولیس اور سول انتظامیہ کے افسران سمیت مختلف مکاتب فکر اور طبقات کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔

کمشنر کوہاٹ نے جرگے کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے میں سول انتظامیہ، پولیس، پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ساتھ اہل سنت و اہل تشیع کے علماء کرام، تاجر برادری، ٹرانسپورٹ یونین، وکلاء اور سوسائٹی نے مثالی تعاون فراہم کیا جس کے نتیجے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آیا۔

انہوں نے تمام اداروں اور طبقات کو کامیاب امن و امان کے قیام پر مبارکباد دی۔کمشنر کوہاٹ نے کہا کہ مکار دشمن بھارت روایتی جنگ میں ہمارا مقابلہ کرنے میں ناکام رہا ہے۔ہماری دلیر فوج نے اسے دن میں تارے دکھائے اور صرف 3 دن میں ہی زیر کرلیا۔ یہ ذلت آمیز شکست اسے ہضم نہیں ہو رہی لہٰذا وہ ہمارے اتحاد و اتفاق میں رخنہ ڈالنے اور انتشار پھیلانے کی کوشش ضرور کرتا ہے۔

اس لئے ضروری ہے کہ ہم ہردم ہوشیار اور متحد رہیں اور دشمن کے مذموم عزائم کو کسی صورت کامیاب نہ ہونے دیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محرم الحرام کی طرح چہلم امام حسینؓ کا موقع بھی خیر و عافیت سے گزرے گا اور تمام اسٹیک ہولڈرز یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔ کمشنر کوہاٹ نے ضلعی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ اس مقصد کیلئے امام بارگاہوں اور جلوس کے راستوں پر صفائی، روشنی، طبی سہولیات، سیکیورٹی، پینے کے پانی اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔