جشن یوم آزادی پاکستان صرف جشن کا دن نہیں بلکہ تجدید عہد کا دن ہے ،مقررین

پیر 11 اگست 2025 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) جشن یوم آزادی پاکستان صرف جشن کا دن نہیں بلکہ تجدید عہد کا دن ہے، 14اگست کو ہم نہ صرف قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن کو یاد کرتے ہیں بلکہ ان سپاہیوں کو سلام عقیدت بھی پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت میں اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا ۔جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار مقررین نے قائد اعظم اکادمی و قائد اعظم مزار مینجمنٹ بورڈ کے تحت 78ویں جشن آزادی پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ پہلے پروگرام تصویری نمائش اور "معرکہ حق کے سپاہی بنے بنیان مرصوص "کے زیر عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت معرکہ محض دو ممالک کے درمیان ایک جھڑپ نہ تھی بلکہ یہ ایک نظریاتی جنگ تھی ،باطل کے مقابلے میں حق کے معرکہ نے ہمیں یاد دلایا کہ پاکستان صرف ایک جغرافیائی خطہ نہیں ایک عقیدہ ،ایک نظریہ اور ایک ایمان کا نام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے جوان ہمارا فخر ہیں ،پاکستان امن کا خواہ ضرور ہے مگر اپنی خود مختاری اور عزت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

سیمینار کے مہمان خصوصی کرنل (ریٹائرڈ) مختار احمد بٹ تھے جبکہ صدارت کرنل (ریٹائرڈ) اختر خلیلی نے فرمائی اور نظامت کے فرائض اسسٹنٹ پروفیسر محمد علی نے انجام دئے ۔مقررین میں سینئر صحافی منور راجپوت، ابصار احمد، مصباح اعوان، پروفیسر محمد رضا شاہ، عبد العلیم شیخ، زاہد حسین ابڑو اور طلبا و طالبات شامل تھے۔ پروگرام کے آخر میں قائد اعظم اکادمی و قائد اعظم مزار مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے صدر تقریب و مہمان خصوصی سمیت طلبا و طالبات کو اجرک کے تحفے اور شیلڈ بھی پیش کی گئیں۔