وزیراعلیٰ سندھ نے اسمبلی میں قومی پرچم لہرا دیا

پیر 11 اگست 2025 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاھ نے سندھ اسمبلی قومی پرچم لہرایا، سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اویس قادر شاہ کی زیر صدارت اولڈ سندھ اسمبلی بلڈنگ میں ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ یہ تاریخی ہال ہے، جہاں 1943 کو سندھ اسمبلی نے قیام پاکستان کے حق میں قراداد منظور کی تھی، قائد اعظم نے اسی نشست پر 1947 کو خطاب کیا تھا، ہمارے بزرگوں نے اس ہال میں بیٹھ کر پاکستان بنانے میں کردار ادا کیا تھا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ قائد اعظم نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ آپ اپنے مذہب کے معاملے میں آزاد ہیں، ہماری آزادی سے 3 دن پہلے اقلیتوں کا دن منانے کا مطلب یہ ہے کہ ہر شہری کو مذہب اور تحفظ کی ضمانت ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسی ہال میں 16 جون 1947 کو ایک قرارداد منظور ہوئی تھی، ایک مراسلہ لکھا گیا تھا صوبے کے گورنر کو، غلام حسین ہدایت اللہ نے ایوان میں قراداد پیش کی تھی جو بعد میں ایوان نے منظور کی تھی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ پہلا صوبہ تھا جس نے اپنی حیثیت ختم کرکے پاکستان میں شمولیت اختیار کی، سندھ نے اپنی حیثیت ختم کرکے پاکستان کو ووٹ دیا تھا، ہم نے پاکستان بنانے میں پہل کی تھی، اس صوبے کے نمائندے پاکستان کی بقا کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ قائد اعظم نے کہا تھا کہ وہ خود کو ہندو اقلیت کا محافظ سمجھتے ہیں، شہید چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو نے اپنا کردار ادا کیا تھا، شہید بے نظیر بھٹو نے کہا تھا کہ ہر آمر مذہب کا سہارا لیتا ہے، ہم ہمیشہ مساوات کے لیے کھڑے رہیں گے۔