اسلام آباد میں 13 اگست کو بھی یوم آزادی کی چھٹی کا اعلان

ڈپٹی کمشنر نے تمام سرکاری اور نجی دفاتر میں تعطیل کا نوٹیفیکشن جاری کردیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 12 اگست 2025 13:14

اسلام آباد میں 13 اگست کو بھی یوم آزادی کی چھٹی کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اگست 2025ء ) اسلام آباد میں 13 اگست کو بھی یوم آزادی کی چھٹی کا اعلان کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 13 اگست کی تعطیل کا اعلان ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے اسلام آباد میں تمام سرکاری اور نجی دفاتر میں چھٹی کا نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ ملک میں یوم آزادی کے موقع پر اس بار ایک ساتھ 4 تعطیلات کا امکان ہے کیوں کہ کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے تحت پاکستان میں 14 اگست بروز جمعرات کو یوم پاکستان کے موقع پر عام تعطیل ہوگی جب کہ اس سے اگلے ہی روز جمعہ 15 اگست کو چہلم امام حسینؓ ویسے تو چہلم کی چھٹی وفاقی تعطیلات میں شامل نہیں ہے تاہم صوبائی سطح پر اس دن مقامی تعطیل ہوتی ہے اور گزشتہ سال بھی راولپنڈی اور کراچی میں چہلم کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ممکنہ طور پر اس دفعہ بھی بعض علاقوں میں یہ تعطیل ہوسکتی ہے اس صورت میں متعلقہ علاقوں میں 15 اگست کو بھی چھٹی ہوگی، اس طرح مخصوص علاقوں میں چہلم کی تعطیل کی صورت میں جمعرات 14 اگست، جمعہ 15 اگست، ہفتہ 16 اور اتوار 17 اگست کی تعطیلات یکجا ہو سکتی ہیں، جب کہ سرکاری حکام کی طرف سے یوم آزادی اور چہلم کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری طرف وزیرتعلیم پنجاب نے سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات میں اضافہ کردیا ہے جس کے بعد سرکاری و نجی سکول 14 اگست کی بجائے اب یکم ستمبر سے کھلیں گے، اس حوالے سے صوبائی وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اپنے ایک بیان میں سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات میں اضافے کا اعلان کیا اور کہا کہ صوبہ بھر میں نجی و سرکاری سکول یکم ستمبر کو کھلیں گے، اس سے قبل سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات 14 اگست تک کی گئی تھیں جن میں اضافے کا فیصلہ صوبائی حکومت نے پنجاب میں موسمی صورتحال کی وجہ سے کیا۔