14اگست کے موقع پر پی ٹی آئی کا احتجاج کسی صورت قابل قبول نہیں ہوسکتا ہے، گل اصغر بگھور

منگل 12 اگست 2025 16:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی راہنما، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مواصلات گل اصغر بگھور نے کہا ہے کہ 14اگست کے موقع پر پی ٹی آئی کا احتجاج کسی صورت قابل قبول نہیں ہوسکتا، یہ دن آزادی کی خوشیاں منانے کا دن ہے، احتجاج سب کا حق ہے لیکن اس کے لئے وقت اور طریقہ کار بھی اہمیت رکھتا ہے، 70سالوں سے اپوزیشن روز اول سے ہی حکومت تبدیلی کے پراپیگنڈے سے اپنی سیاسی دکان چمکائے رکھتی ہے۔

وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ 14اگست پاکستان اور پاکستانیوں کے لئے سب سے اہم دن ہوتا ہے اس دن پر پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کا اعلان سیاسی ناپختگی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں سعودی عرب اور پاکستان ہی وہ ممالک ہیں جو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بنے ہیں اور ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری قوم یوم آزادی ہمیشہ کی طرح اس سال بھی بھر پور جوش و جذبے کے ساتھ منائے گی۔

اپوزیشن کی جانب سے حکومت تبدیلی کی باتوں سے متعلق سوال پر تبصرہ کرتے ہوئے گل اصغر بگھور نے کہا کہ 70سالہ تاریخ اٹھا کر دیکھیں لیں جب بھی جمہوری حکومتیں قائم ہوئیں اس دن سے ہی اپوزیشن حکومت گرانے یا تبدیلی کا پراپیگنڈہ کرتے ہوئے اپنی سیاسی دکان چمکاتے ہوئے نظر آتی ہے آج کی اپوزیشن بھی وہ ہی کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں پر مشتمل حکومت کامیابی سے چل رہی ہے اور اپنی پانچ سالہ مدت پورے گی ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی قیادت میں شامل ہوتے ہیں اور ایک سینئر سیاستدان ہیں بطور وزیر دفاع ان کی ہر بات اہمیت رکھتی ہے، پارٹیوں کے اندر چھوٹی موٹی باتیں ہوتیں رہتی ہیں اور وہ پارٹی کے اندر ہی حل ہوجائیں تو بہتر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیوروکریٹس کی دوہری شہریت، بیرون ممالک جائیدادوں اور دیگر امور کو دیکھنے اور موثر قانون سازی ضرورت ہے بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے کسی پر بہتان لگانا غیر مناسب ہوتا ہے۔