وطن عزیز ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں اور کلمہ حق کے جذبے سے وجود میں آیا ہےجسے شکست دینا ناممکن ہے، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات

منگل 12 اگست 2025 17:04

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ وطن عزیز ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں اور کلمہ حق کے جذبے سے وجود میں آیا ہےجسے شکست دینا ناممکن ہے۔ وہ ریڈیو پاکستان میں 78 ویں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ پوٹھوہار ایوارڈز تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ 6 مئی کی حالیہ جنگ میں پوری قوم نے سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنے سے کئی گنا زیادہ وسائل رکھنے والے دشمن کو شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ 1947 کے جذبے اور "لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ" کے عزم کو ہرانا ناممکن ہے جو قوم کو ایک مضبوط اکائی بناتا ہے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ ملک اور قوم کی تعمیر میں کارکردگی بنیادی حیثیت رکھتی ہے اور عزت افزائی ہمیشہ بہترین کارکردگی کی بنیاد پر ہونی چاہیے، نہ کہ تنقید یا گالم گلوچ سے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان فنکاروں کو مبارکباد دی جنہیں تقریب میں بہترین کارکردگی پر انعامات سے نوازا گیا اور کہا کہ کامیابی کا انحصار محنت اور کارکردگی پر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بزرگوں کی قربانیوں اور آزادی کی لازوال داستانیں اگلی نسل تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ مفاہمت کو ترقی کا بہترین راستہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتقام کمزور لوگوں کا عمل ہے جبکہ مفاہمت سے ہی قومیں آگے بڑھتی ہیں۔

سماجی اقدار پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ بچوں کو والدین کی بات ماننے کی تربیت ضروری ہے کیونکہ یہ روایت معاشرے کو مضبوط بناتی ہے۔ انہوں نے تعلیمی ماہرین اور رول ماڈلز سے اپیل کی کہ وہ نئی نسل کو مثبت سمت میں رہنمائی فراہم کریں ، خاندانی اقدار کا زوال معاشرتی نقصان کا سبب بنتا ہے۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کی ترقی کے لیے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈی جی ریڈیو سعید شیخ کے ساتھ مل کر ادارے کی بہتری کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے تجویز دی کہ ہر گاڑی میں ریڈیو کے فروغ اور ادارے کی مالی معاونت کے لیے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ذریعے کوئی نظام بنایا جائے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر راہنما سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر اور قائمہ کمیٹی خارجہ امور کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی مہمان خصوصی تھے جبکہ فنکاروں،سکرپٹ رائٹرز، پروگرام میزبانوں، پروڈیوسرز، شاعروں اور تکنیکی شعبے کے نمایاں کارکنوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔