بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث پنجاب کے دریائوں میں طغیانی کا خدشہ

بھارت کی جانب سے آئندہ 2روز میں دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کا خدشہ ہے‘ پی ڈی ایم اے

منگل 12 اگست 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث پنجاب کے دریائوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ بھارت کی جانب سے آئندہ 2روز میں دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کا خدشہ ہے۔ بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بھاکڑا ڈیم 61پونگ ڈیم 76اور تھین ڈیم 64فیصد تک بھر چکے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب ارسا اور محکمہ آبپاشی 24گھنٹے دریائوں و ڈیمز کی صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر سیلاب نچلے درجے سے معمول پر آ گیا ہے۔ دریائے ستلج کے بہا میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ خانکی اور قادر آباد کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے کمشنرز ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ دریائوں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ ہنگامی انخلا کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔ عوام الناس سے التماس ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ دریائوں نہروں ندی نالوں اور تالابوں میں ہر گز مت نہائیں۔ سیلابی صورتحال میں دریاں کے اطراف پکنک اور غیر ضروری کراسنگ سے گریز کریں۔ بچوں کو دریاں ندی نالوں کے قریب ہرگز مت جانے دیں۔ ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پی ڈی ایم اے پنجاب کی زمہ داری ہے۔