پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام ہفتہ وفائے پاکستان کے سلسلہ میں جیوے جیوے پاکستان چلڈرن ریلی کا انعقاد

بدھ 13 اگست 2025 13:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام بدھ کو وفائے پاکستان کے سلسلہ میں جیوے جیوے پاکستان چلڈرن ریلی کا انعقادکیاگیا۔ضلع کونسل چوک سے پر یس کلب فیصل آباد تک نکالی گئی ریلی کی صدارت ڈویژ نل صدرسنی تحریک پروفیسر پیر محمد آصف رضاقادری نے کی جبکہ ڈویژنل جنرل سیکرٹری حافظ محمد یاسر قادری المدنی، مولانا بہادر علی رضوی،محمد فیاض قادری اوردیگر قائدین بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر پی ایس ٹی کے ڈویژنل صدر پروفیسر پیر محمد آصف رضاقادری نے ریلی کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کی فکر و نظریہ پوری قوم کیلئے مشعل راہ ہے،پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کا ثمر ہے، آج ہمیں اپنی صفوں میں قومی اتحاد پیدا،گروہی، لسانی، صوبائی، عصبیت پسندی اور فرقہ واریت سے بچ کر ملکی ترقی کیلئے عملی کردار ادا کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں مادر وطن کے حصول کیلئے دی جانے والی علما مشائخ اور عوام کی لاتعداد اور لا زوال قربانیوں کو یاد رکھنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آج قائد اعظم کے ویژن کے مطابق مادر وطن کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کے پختہ عزم کی تجدیدکیساتھ ساتھ قومی و ملی جوش و جذبے سے آگے بڑھنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ 14اگست1947کو قائد اعظم کی قیادت میں ایسے جدید فلاحی،جمہوری معاشرے کی تشکیل ہوئی جس میں تمام پاکستانیوں کو اپنے عقیدے اور مذہب کیساتھ زندگی گزارنے کی مکمل آزادی حاصل ہوئی۔

آج ہمارا قومی و اخلاقی فریضہ ہے کہ نئی نسل کو پاکستان کے قیام کے مقاصد سے روشنا س کروائیں کیونکہ یہ نئی نسل ہی ہماراقیمتی اثاثہ ہے۔ ہمیں پاکستان کیلئے دی جانے والی قربانیوں سے آنیوالی نسلوں کو روشناس کروانا ہو گا۔آصف رضاقادری نے کہا کہ پا کستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کیلئے ہمیں خود انحصاری کا راستہ اختیا راور اپنے وسائل پربھروسہ کرنا ہو گا۔

قوم کو موجود مسائل اور مشکلات سے نکالنے کیلئے قائد اعظم کی فکر اور نظریے کو مشعل راہ بناناہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آج یہ عہد کرنا ہو گا کہ ہمیں اپنی بلند نظری اور وسعت قلبی سے پاکستان میں بسنے والے ہر باشندے سے رواداری صبر و تحمل، محبت و ایثار کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آنا ہو گاکیونکہ ہمارے قومی اتحا د کی وجہ سے وہ دن دور نہیں جب ملک سے دہشت گردی سمیت تمام بحرانوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلئے ذاتیات کے خول سے نکل کر اجتماعی قومی کامیابیوں کیلئے آگے بڑھنا ہو گا۔ریلی کے آخرپر ملکی ترقی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعابھی کی گئی۔