پاکستان کے کاروباری اعتماد کے انڈکس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، گیلپ سروے

بدھ 13 اگست 2025 16:19

پاکستان کے کاروباری اعتماد کے انڈکس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، گیلپ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) گیلپ سروے کے مطابق پاکستان میں کاروباری اعتماد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، ملکی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے ایس آئی ایف سی کی کاوشیں ثمر آور ثابت ہو رہی ہیں۔ گیلپ سروے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معاشی بحالی اور پر اعتماد کاروباری ماحول میں واضح بہتری ہوئی ہے، چار سال بعد پاکستان تیز ترین مستحکم معاشی بحالی کی جانب گامزن ہے۔

(جاری ہے)

سروے نتائج کے مطابق 61 فیصد افراد نے کاروباری کارکردگی کو ’’اچھی‘‘ یا’’ انتہائی اچھی‘‘ قرار دیا ہے جبکہ مستقبل میں بھی کاروباری حالات بہتر ہونے کی توقع کے تحت 61 فیصد افراد نے ترقی کی پیش گوئی برقرار رکھی ہے۔ گیلپ سروے کے مطابق گزشتہ سہ ماہی کی نسبت رشوت کی شکایات 34 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد پر آ گئیں، معاشی انتظامات کی منظوری تقریباً دوگنا ہو گئی اور سروے میں شامل 46 فیصد نے موجودہ حکومت کو گزشتہ حکومت سے بہتر قرار دیا۔

اسی طرح توانائی کی صورتحال گزشتہ سالوں کے مقابلے میں بہتر ہوئی ہے اور 2023 اور 2024 کے مقابلے میں لوڈشیڈنگ میں بھی خاطرخواہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گیلپ نے ایس آئی ایف سی کی معاونت سے حکومت کی معاشی استحکام کی کوششوں کو قابل ستائش قرار دیا ہے۔