’ڈس انفارمیشن اور افواہوں سے پرہیز کرنا چاہیئے‘

محسن نقوی کو وزیراعظم اور نواز شریف کو صدر بنانے کی خبروں پر اسحاق ڈار کا ردعمل

Sajid Ali ساجد علی بدھ 13 اگست 2025 13:51

’ڈس انفارمیشن اور افواہوں سے پرہیز کرنا چاہیئے‘
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست 2025ء ) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا محسن نقوی کو وزیراعظم اور نواز شریف کو صدر بنائے جانے کی خبروں پر ردعمل سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں داتا گنج بخش کے مزار پر میڈیا سے گفتگے دوران ایک صحافی نے پوچھا کہ ’خبریں آ رہی ہیں محسن نقوی کو وزیر اعظم اور نواز شریف کو صدر بنانے کی باتیں ہو رہی ہیں، اس پر کیا کہیں گے؟‘، اس پر اسحاق ڈار نے جواب دیا کہ ’ڈس انفارمیشن اور افواہوں سے پرہیز کرنا چاہیے، محسن نقوی کے حوالے سے ایسی کوئی بات درست نہیں اسی طرف نواز شریف کے حوالے سے بھی ایسی کوئی بات نہیں، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی‘۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ جب تک ادارے اور سیاسی جماعتیں پاکستان کو مل کر آگے لے کر نہیں جائیں گی تو وقت ضائع ہوگا، کل وزارت خارجہ میں امریکہ سے آئے لوگوں سے ڈائیلاگ ہوئے، گزشتہ ایک سال سے امریکہ کو ثبوت دے رہے ہیں کہ مجید بریگیڈ بی ایل اے کا حصہ ہے، کل امریکی وفد کے ہیڈ نے مجھے مجید بریگیڈ کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کی خوشخبری دی، پاکستان میں ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے، بہت تیزی سے ترقی کے سفر کو مکمل کریں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ترقی کی منزل کی جانب گامزن ہے، اللہ تعالیٰ سفارتی محاذ پر بھی ہم پر کرم نوازی کر رہے ہیں، پاکستان کا جشن آزادی بھی ہے، آج رات اور کل کا دن ہمارے لیے مبارک ہے، اللہ کا کرم ہے عرس مبارک اور یوم آزادی ساتھ ساتھ آئے ہیں، 3 دنوں میں پاکستان کی ترقی اور کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں کریں، حضور ﷺ فرماتے ہیں جب دعا کرو تو یہ نہ سوچو کہ قبول ہوگی یا نہیں، میری دعا ہے اللہ پاکستان کی شان و شوکت میں مزید اضافہ کرے، اپنی دعاؤں میں پاکستان کو بھی یاد رکھیں۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کو اسلام کا ترقی یافتہ قلعہ بنانے کی دعا بھی کریں، اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کو بے مثال کامیابی عطا کی، اللہ تعالیٰ نے معرکہ حق میں پاکستان کو بہت بڑی کامیابی عطا کی، معاملہ 22 اپریل سے ہی شروع ہوگیا تھا لیکن 6 مئی سے 10 مئی اہم دن تھے، ہم پرامن ملک ہیں وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان معاشی ترقی کر رہا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے دوٹوک کہا ہے کہ اگر ہمارا پانی روکا گیا تو جنگ تصور کریں گے، بھارت خود انٹرنیشنل فورم پر گیا تھا، عالمی قوانین کے مطابق انڈس واٹر ٹریٹی ختم نہیں ہو سکتی۔