شہدائے فلسطین نے شہدائے کربلا کا کردار زندہ اور یزیدیت کا چہرہ آشکار کردیاہے،متحدہ علماء محاذ

بدھ 13 اگست 2025 17:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمدامین انصاری کی زیر صدارت چہلم امام حسینؓ کے موقع پر پیغام شہدائے کربلا و یکجہتی شہدائے فلسطین سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ ،سیاسی زعماء ،دانشور ،صحافی ، وکلاء ، تاجر وممتاز شخصیات نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ شہدائے فلسطین نے شہدائے کربلا کی یادیں تازہ اور یزیدیت کا چہرہ آشکار کردیاہے،حکومت چہلم امام حسین ؓاربعین پر فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنائے علماء و عوام امن و اتحاد کی فضا قائم رکھیں۔

امریکی ٹرمپ کا ابراہیمی معاہدہ اسلام کے منافی اور شہدائے پاکستان، فلسطین و کشمیر سے بغاوت قرار دیتے ہیں،امریکی شیطانی منصوبہ پاکستان پر مسلط نہیں ہونے دینگے،سیدنا امام حسینؓ بلارنگ ومسلک پوری انسانیت کیلئے رہبر وذریعہ نجات اور ان سے محبت کل ایمان ہے،امام حسینؓ اگر یزید کے ہاتھ پر بیعت کرلیتے تو قیامت تک کسی عالم کو محراب و منبر پر ظالم و جابر حکمراں کے خلاف حق و سچ بیان کرنے کی جرأت نہ ہوتی، امام حسینؓ نے پوری انسانیت میں جذبہٴ حریت اور ظلم کے خلاف بیداری کا شعور دیا۔

(جاری ہے)

آج فلسطین و کشمیر میں بھارتی و اسرائیلی انسانیت سوز مظالم کے خلاف جہاد و قربانیاں دینے والے کردار و افکار حسینی کو زندہ کررہے ہیں۔شہدائے کربلا و شہدائے فلسطین نے حق و صداقت ، جرأت و حریت و آزادی کیلئے اسلام و مسلمانوں کو نئی جلا بخشی ہے۔ سیمینار سے علامہ عبدالخالق فریدی سلفی، انٹرنیشنل ختم نبوت کے مرکزی سینئر نائب صدر علامہ ڈاکٹر مفتی عبدالغفور اشرفی،علامہ پروفیسرڈاکٹر سید شمیل احمدقادری حنبلی،علامہ سید سجاد شبیر رضوی، صاحبزادہ مولانا منظرالحق تھانوی، شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد دائود، مولانا مفتی وجیہہ الدین، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی سلفی،علامہ عبدالماجد فاروقی، علامہ مفتی علی المرتضیٰ ، مولانا حافظ محمد ابراہیم چترالی، مولانا پیر حافظ گل نواز خان ترک و دیگر نے خطاب کیا جبکہ سیمینار کا آغاز محاذ کے صوبائی رہنما مولانا قاری محمد اقبال رحیمی نے تلاوت قرآن کریم سے کیا ، معروف نعت و منقبت خواں مفتی رفیع اللہ رفعت ، حافظ ابوبکر بیروی نے سیدنا امام حسینؓ کی شان میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر علماء نے ہاتھوں میں ہاتھ بلند کرکے فلسطین کشمیر افواج پاکستان کیساتھ اظہار یکجہتی کیا۔مولانا منظرالحق تھانوی نے ملکی امن و استحکام کیلئے خصوصی دعا کرائی۔