شہداء کےورثاء کے اعزاز میں ضلعی انتظامیہ مظفرآباد کی جانب سے کشمیر ٹیولپ مارکی میں تقریب کا انعقاد

بدھ 13 اگست 2025 17:27

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) وطن عزیز کی سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی خدمات کے اعتراف میں اور شہداء کےورثاء کے اعزاز میں ضلعی انتظامیہ مظفرآباد کی جانب سے کشمیر ٹیولپ مارکی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں وزیر قانون و انصاف وپارلیمانی امور میاں عبدالوحیدایڈووکیٹ، وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ، وزیر وائلڈ لائف و فشریز سردار جاوید ایوب، مشیر حکومت محترمہ نثارہ عباسی، اعلی فوجی حکام، سیکرٹریز حکومت، کمشنر مظفرآباد ڈویژن، ڈی آئی جی مظفرآباد ریجن، ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اور شہداء کے ورثاء نے بطور خاص شرکت کی۔

وزیر قانون و انصاف و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی سلامتی کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کا لہو ہم سے تقاضہ کرتا ہے کہ جس مقصد کیلئے ہمارے اسلاف نے قربانیاں دے کر مملکت خداداد پاکستان حاصل کیا تھا اس کی سرحدی اور نظریاتی حفاظت کیلئے ہم سب اپنا کردار ادا کریں، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی سربراہی میں مسلح افواج پاکستان نے معرکہ حق کے ذریعے اپنے سے دس گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر دنیا میں پاکستان کا وقار بلند کیا، آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ تحریک تکمیل پاکستان کے لئے مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، ازلی دشمن بھارت نہ صرف سرحدی محاذ پر بلکہ نظریاتی سرحدوں پر بھی نقب لگائے بیٹھا ہے ہمیں بحیثیت قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ دشمن کا مقابلہ کرنا ہو گا، آج کی تقریب شہداء کے لواحقین کو یہ احساس دلانے کیلئے ہے کہ ریاست اپنے شہداء کو کسی صورت فراموش نہیں کرے گی ۔

(جاری ہے)

جشن آزادی کی تقریبات کے تسلسل میں شہداء کے لواحقین کے اعزاز میں تقریب بھی قابل تحسین ہے اور یہ اس بات کا مظہر ہے کہ ریاست اپنی ذمہ داریاں نہیں بھولی اور کسی صورت اپنی ذمہ داریوں سے چشم پوشی نہیں کرے گی۔وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ نے پاک فوج اور تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہادت ہماری آرزو ہے اورہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے،خاکی وردی سرحدوں پر برسر پیکار ہے تو ہم سکون کی نیند سو رہے ہیں، شہادت ہمارے لئے اعزاز ہے اور شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے، اللہ تعالی کے ہاں شہید کا وقار و مرتبہ اتنا بلند ہے کہ خود ہمارے نبی پاک نے شہادت کہ آرزو کی ہے، انہوں نے شہداء کے لواحقین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ شہداء ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اور ہم انہیں مردہ گماں نہیں کر سکتے وہ زندہ ہیں اللہ کے ہاں مہمان ہیں، ہم مسلح افواج پاکستان کو معرکہ حق میں بھارت کو فیصلہ کن شکست دے کر پاکستان کا دنیا میں وقار بلند کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے شانہ بشانہ دشمن کے ہر وار کا مقابلہ کرنے کا عزم کرتے ہیں، اگر خاکی وردی نہ ہوتی تو ہمارا حال بھی غزہ کے مسلمانوں جیسا ہوتا، وزیر اطلاعات نے وزراء حکومت، سیکرٹریز حکومت اور بطور خاص شہداء کے لواحقین کا تقریب میں آمد پر شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر وائلڈ لائف و فشریز سردار جاوید ایوب نے کہا کہ جو قومیں اپنے شہداء کو یاد نہیں رکھتی وہ آزادی کی نعمت سے محروم ہو جاتی ہیں، وطن کی سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، الحمدللہ معرکہ حق کے دوران پوری قوم کا جذبہ مثالی تھا، مسلح افواج پاکستان بالخصوص فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی پیش ورانہ صلاحیتوں کو دنیا تسلیم کر رہی ہے، شہداء کے ورثاء اپنے عزیزوں کو وطن عزیز کیلئے قربان کرنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں، پاک فوج ہماری محافظ ہے اور ہماری آزادی کی ضامن ہے، آج اگر مسئلہ کشمیر دوبارہ بین الاقوامی سطح پر اجاگر ہوا ہے تو اس کا سہرا ہماری مسلح افواج کو جاتا ہے، غزہ اور کشمیر میں یہی فرق ہے کہ غزہ کی پشت پر 24 کروڑ پاکستانی عوام اور مسلح افواج پاکستان نہیں ہے جبکہ کشمیر کی پشت پر 24 کروڑ پاکستانی عوام اور مسلح افواج پاکستان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں اور شہادت ہماری منزل ہے، تقریب کے آخر میں شہداء کے ایصال ثواب، وطن عزیز کی سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔