پاکستان ایک نظریہ، ایک ایمان اور ایک امانت ہے، سردارعتیق احمد خان

بدھ 13 اگست 2025 22:09

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اسلامیانِ برصغیر کی صدیوں پر محیط سیاسی، نظریاتی اور عملی جدوجہد کا ثمر اور خدائے بزرگ و برتر کا انمول تحفہ ہے، جس کی بنیادوں میں ہزاروں شہداء کا مقدس لہو شامل ہے۔ 14 اگست یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی جغرافیائی ضرورت یا وقتی سیاسی سمجھوتے کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک نظریہ ہے جو ایمان، قربانی اور عزم کی بنیاد پر وجود میں آیا۔

انہوں نے کہا کہ بانی? پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت اور علامہ اقبال کے فکر انگیز خواب نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک ایسے نصب العین پر متحد کیا، جس کا مقصد صرف ایک آزاد ریاست کا قیام نہیں بلکہ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل تھی جو قرآن و سنت کی روشنی میں عدل و انصاف پر مبنی ہو۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں نے اس مقصد کے حصول کے لئے جان، مال اور عزت کی عظیم قربانیاں پیش کیں۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی نظریاتی حیثیت اور اہمیت کو سمجھتے ہوئے اسلامیانِ کشمیر نے بھی تحریکِ آزادی کے دوران اور آج تک تکمیلِ پاکستان کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ کشمیری اپنے شہداء کو پاکستان کے سبز ہلالی پرچم میں لپیٹ کر دفن کرتے ہیں تاکہ دنیا کو یہ پیغام ملے کہ پاکستان ان کی منزل اور امید ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ایسی نعمت ہے جس کی قدر کرنا ہر پاکستانی اور کشمیری پر فرض ہے۔

مدینے کی ریاست کے بعد پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو خالصتاً اسلامی نظریے کی بنیاد پر معرضِ وجود میں آیا۔ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے اپنے غیور عوام کے ساتھ مل کر اس ملک کے تحفظ اور سلامتی کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں، چاہے وہ 1948ء، 1965ء، 1971ء یا 1999ء کی جنگ ہو، یا دہشت گردی کے خلاف طویل جدوجہد ظ قوم نے ہر امتحان میں سرخرو ہو کر دنیا کو ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج جب پاکستان اندرونی و بیرونی چیلنجز سے دوچار ہے، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد، یکجہتی اور قربانی کے جذبے کو پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط کرنا ہوگا۔ پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس قلعہ? اسلام کو تا قیامت محفوظ و مامون رکھے اور ہمیں اس کے نظریاتی تشخص کو برقرار رکھنے کی توفیق دے۔

سردار عتیق احمد خان نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا کہ یومِ پاکستان محض جشن اور خوشی کا دن نہیں، بلکہ عہدِ وفا اور تجدیدِ عزم کا دن ہے۔ ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک مضبوط، خوشحال اور باوقار پاکستان کس طرح منتقل کریں گے، تاکہ یہ ملک ہمیشہ عالمِ اسلام کی امید، رہنمائی اور وحدت کا مرکز بنا رہے۔