وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نئے او پی ڈی بلاک اور جدید ویٹنگ ایریا کا افتتاح کر دیا

بدھ 13 اگست 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے بدھ کو راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (آر آئی سی) میں نئے او پی ڈی بلاک اور جدید ویٹنگ ایریا کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں معزز مہمانان، طبی عملہ، میڈیا نمائندگان اور شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔آر آئی سی 13 سال قبل قائم کیا گیا تھا اور اب تک ہزاروں مریض یہاں سے معیاری علاج حاصل کر چکے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آر آئی سی ایک قومی اثاثہ ہے جو نہ صرف راولپنڈی بلکہ ملک بھر کے مریضوں کو سہولت فراہم کرتا ہے اور یہاں آنے والے 40 فیصد مریض خیبرپختونخوا سے آ کر بہتر علاج کی سہولت حاصل کرتے ہیں۔نئے او پی ڈی بلاک کی تعمیر وزیر اعظم پاکستان کی قیادت میں 40 کروڑ روپے کی لاگت سے ریکارڈ مدت میں مکمل ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

اس منصوبے سے روزانہ 500 سے زائد مریض معیاری علاج کی سہولت سے مستفید ہوں گے جبکہ جدید ویٹنگ ایریا میں مریضوں اور اُن کے لواحقین کے لیے آرام دہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر یہ منصوبہ عوام بالخصوص راولپنڈی کے شہریوں کے لیے ایک خصوصی تحفہ ہے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے عوامی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، صحت کے شعبے میں جدید سہولیات کی فراہمی حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ نئے او پی ڈی بلاک سے نہ صرف علاج کی سہولتوں کو بہتر بنایا جا رہا ہے بلکہ مریضوں کے انتظار کے وقت کو کم کرنے کے لیے بھی موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے آر آئی سی کے ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت اس ادارے کی کامیابی کا بنیادی ستون ہیں۔مزید گفتگو کرتے ہوئے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ اس سال راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی میں کڈنی اور لیور ٹرانسپلانٹ کا آغاز کیا جائے گا جو شہریوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔

ملکی یکجہتی کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کے تحفظ اور فیڈریشن کی مضبوطی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، سیاستدان، افسران اور صحافی سب کو یکجا ہو کر ملک کے مفاد میں کام کرنا ہوگا، جو پاکستان کی فیڈریشن کو نہیں مانتا وہ پاکستانی نہیں، پاکستان کے نام پر سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے نئے بلاک کا دورہ کیا، سہولیات کا معائنہ کیا اور مریضوں سے ملاقات کر کے ان کے تاثرات سنے۔