یومِ آزادی ہمیں ایک خودمختار مادر وطن کے حصول کیلئے دی گئی ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،پارلیمانی سیکرٹری سماجی بہبود حاجی ولی محمد نورزئی

بدھ 13 اگست 2025 20:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے سماجی بہبود حاجی ولی محمد نورزئی نے کہاہے کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں عہد کرناچاہیے کہ مملکت خدا داد پاکستان کی طرف اٹھنے والی بری نظر کونکال دیں اور پاکستان کی طرف بڑھنے والے ہر ناپاک قدم کو روک دیں اور اس کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں ،ہم پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کے لیے متحد ہو کر ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول تاروں چوک پشتون آباد میں 14اگست کے مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سکول کے بچوں نے مختلف ٹیبلوز پیش کئے جبکہ پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر الحاج ولی محمد نورزئی نے سکول کے تمام طلبا میں سکول بیگ تقسیم کیے۔

(جاری ہے)

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری حاجی ولی محمد نورزئی نے کہاکہ ہم سب اپنے وطنِ عزیز پاکستان کا یومِ آزادی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منائیں گے ،یہ دن ہمیں ان قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے بزرگوں نے ایک آزاد اور خود مختار وطن کے لیے دیں ،ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم ملک و قوم کی ترقی کیلئے کام اور پاکستان کو خوشحال ملک بنائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔