گورنر سندھ کی "معرکہ حق، جشنِ آزادی" اونٹ ریلی میں خصوصی شرکت

ملک کی سیاست میں الطاف حسین کاکوئی کردارباقی نہیں رہا،ہم پاکستان زندہ باد کے نعرے کے ساتھ ہیں اور مردہ باد کہنے والوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں،کامران ٹیسوری کا تقریب سے خطاب

بدھ 13 اگست 2025 21:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ملک کی سیاست میں الطاف حسین کا کوئی کردار باقی نہیں رہا، انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان زندہ باد کے نعرے کے ساتھ ہیں اور مردہ باد کہنے والوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے "معرکہ حق، جشنِ آزادی" اونٹ ریلی میں خصوصی شرکت کے بعد میڈیا کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میںکیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس میں اب تک ڈیڑھ لاکھ بچے آئی ٹی کورس مکمل کرچکے ہیں۔ انہوں نے 9 مئی کے واقعات اور ان کے نعروں کی بھی بھرپور مخالفت کی۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ وزیرِاعظم 24 گھنٹے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں جبکہ فیلڈ مارشل ملک کی معاشی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔شہریوں کی بڑی تعداد نے اونٹ ریلی میں بھرپور شمولیت کی۔یہ منفرد اونٹ ریلی گورنر ہاؤس کے گیٹ نمبر ایک سے شروع ہو کر کھجور چوک، پی آئی ڈی سی سگنل اور میٹروپول سے گزرتی ہوئی دوبارہ گورنر ہاؤس پہنچی۔ ریلی کے اختتام پر گورنر سندھ نے عمان اور یو اے ای کے قونصل جنرلز کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور جشنِ آزادی کا کیک کاٹا۔