معرکہ حق نے دو قومی نظریے پر مہر ثبت کی، یہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، انفارمیشن وار فیئر میں وزارت اطلاعات کا کردار ہمیشہ یاد ر کھا جائے گا، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ

جمعرات 14 اگست 2025 14:47

معرکہ حق نے دو قومی نظریے پر مہر ثبت کی،  یہ تاریخ میں سنہری حروف سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ قوم اس سال جشن آزادی کے ساتھ معرکہ حق کی تاریخی فتح کا جشن بھی منا رہی ہے، معرکہ حق 2025ء تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، اس نے دو قومی نظریہ پر مہر ثبت کی اور حقیقت بن کر دنیا کے سامنے ابھرا، انفارمیشن وار فیئر میں وزارت اطلاعات کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا، پاکستان نے اپنا مقدمہ بھرپور انداز میں عالمی سطح پر پیش کیا۔

جمعرات کے روز پاکستان ٹیلی ویژن ہیڈ کوارٹرز میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مئی میں معرکہ حق نے دو قومی نظریہ پر مہر ثبت کی اور یہ حقیقت بن کر دنیا کے سامنے ابھرا، دشمن نے پہلگام واقعہ کی آڑ میں پاکستان پر جارحیت مسلط کی اور فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے پاکستان کا تشخص مجروح کرنے کی کوشش کی لیکن پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے بہترین جنگی حکمت عملی سے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سال جشن آزادی کے ساتھ معرکہ حق کی تاریخی فتح کا جشن بھی منایا جارہا ہے، اللہ تعالی نے ہمیں یہ توفیق دی کہ ہم نے نہ صرف آزادی کا تحفظ کیا بلکہ پوری دنیا کو یہ پیغام بھی پہنچایا کہ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان اپنی آزادی کا دفاع کرنا جانتی ہیں۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اس معرکے میں انفارمیشن وار فیئر بھی لڑی گئی جس میں وزارت اطلاعات نے منفرد اور موثر کردار ادا کیا، ڈیجیٹل وار فیئر میں قوم کا حوصلہ بلند رکھنا اور عالمی سطح پر پاکستان کا بیانیہ اجاگر کرنا ہماری اولین ترجیح تھی، یہ ایک ایسا باب ہے جو جب بھی تاریخ میں لکھا جائے گا تو سنہری حروف میں رقم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ کے دوران پی ٹی وی سے نشر ہونے والے ملی نغموں نے افواج کا مورال بلند کیا، قوم کو متحد کیا اور وزارت اطلاعات کی خدمات آج بھی تاریخ کا روشن حصہ ہیں، وقت کے ساتھ بیانیہ کی جنگ میں ارتقا آیا اور اس بار بھی وزارت اطلاعات اور پی ٹی وی نے موثر کردار ادا کیا، فیک نیوز اور پروپیگنڈا کا توڑ کیا اور عالمی سطح پر قومی بیانیہ کو پروان چڑھایا۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ بھارت نے ہمارے یو ٹیوب چینلز بند کئے تو جواباً ہم نے ان کے یو ٹیوب چینلز پر اپنے ملی نغمے چلائے، یہ انفارمیشن وار فیئر کا ایک حصہ تھا، ہم نے انٹرنیشنل میڈیا پر بھی پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی میں وزیراعظم شہباز شریف کی رہنمائی، پی ٹی وی کی ٹیم اور وزارت اطلاعات کے تمام شعبوں کی مشترکہ کاوشیں شامل ہیں، سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان اور ان کی ٹیم نے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ قائم کیا اور پی ٹی وی ورلڈ کے خصوصی پروگرام شروع کئے، ملی نغمے اور دستاویزی فلمیں نشر کیں جنہوں نے عوام کا جذبہ بڑھایا۔

عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ معرکہ حق 2025ء تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا اور انفارمیشن وار فیئر میں پی ٹی وی اور وزارت اطلاعات کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اس یوم آزادی پر ہمیں عہد کرنا ہے کہ انفارمیشن وار فیئر کا یہ تسلسل جاری رکھیں گے، پی ٹی وی کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے، اصلاحات کا عمل جاری ہے، ہم درست سمت پر ہیں اور حکومت کی سپورٹ سے اس میں مزید بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق پر وزارت اطلاعات اور پی ٹی وی کے کردار سے متعلق جامع دستاویزی فلم تیار کی جانی چاہئے تاکہ آنے والی نسلوں کو رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ وزیر اطلاعات نے اس موقع پر وزارت اطلاعات اور پی ٹی وی کی ٹیم کو شاندار خدمات پر خصوصی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان، وزارت اطلاعات اور پی ٹی وی کے سینئر حکام اور دیگر بھی موجود تھے۔\932