چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر کا ایرانی سفارتخانہ کا دورہ،

جمعرات 14 اگست 2025 17:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر نے اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور قونصلر/ڈپٹی ہیڈ آف مشن نبی شیرازی اور پولیٹیکل سیکشن کے سیکرٹری ڈاکٹر مہدی بہمنی سے ملاقات کی۔ انہوں نے ملاقات کے دوران بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی ) کا ایک جائزہ پیش کا جو ایک کثیرالجہتی فورم ہے جس کا مقصد قومی پارلیمانوں کے درمیان تعاون اور مکالمے کو مضبوط بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایس سی پہلے ہی دنیا بھر میں مقننہ کے 45 پریزائیڈنگ افسران کو اکٹھا کرچکا ہے اور حال ہی میں ملائیشیا میں ہونے والے انتخابات میں سینیٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی کو متفقہ طور پر فورم کا افتتاحی صدر منتخب کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسلام آباد میں 11-12 نومبر 2025 کو طے شدہ آئی ایس سی کے پہلے مکمل اجلاس میں شرکت کے لیے ایران کی اسلامی مشاورتی اسمبلی کے اسپیکر کو باضابطہ دعوت دی۔

یہ تقریب "امن، استحکام، اور سلامتی" کے موضوع پر مرکوز ہوگی اور مشترکہ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پارلیمانی رہنماؤں کے درمیان مکالمے کو فروغ دے گی۔مشیر نے تیاری کے عمل کا بھی خاکہ پیش کیا جس میں موضوعاتی تبادلہ خیال اور مختلف علاقوں کے وفود کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلے شامل ہیں۔ انہوں نے گیلان اور ملتان کو باضابطہ طور پر گڑواں شہرقرار دینے کے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے وژن سے آگاہ کیا ، اس اقدام کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان ثقافتی، تاریخی اور اقتصادی تعلقات کو گہرا کرنا ہے۔

ایرانی حکام نے آئی ایس سی کے اقدام اور جڑواں شہر کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے پارلیمانی تعاون کو بڑھانے اور عوام کے درمیان وسیع تر روابط کے نئے راستے تلاش کرنے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئی ایس سی میں ایران کی شرکت سے بین الپارلیمانی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور قریبی دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا۔