محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کے زیر اہتمام یوم آزادی پر شاندار تقریب

جمعرات 14 اگست 2025 17:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء) محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کے زیر اہتمام سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ لاہور میں یوم آزادی کے موقع پر شاندار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب جاوید اختر محمود تھے۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر پنجاب طارق قریشی، محکمے کے اعلیٰ افسران، ملازمین اور سوشل ویلفیئر اداروں میں مقیم بچوں، بزرگوں اور خواتین نے بھرپور شرکت کی۔

سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے پرچم کشائی اور شجرکاری کرتے ہوئے آزادی اور ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت اجاگر کی۔ تقریب کا آغاز حمد و نعت اور قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد کاشانہ اور ماڈل چلڈرن ہوم میں مقیم بچوں نے ملی نغمے اور تقاریر پیش کر کے حاضرین میں حب الوطنی کے جذبے کو مزید فروغ دیا۔

(جاری ہے)

جشنِ آزادی کا کیک کاٹنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سوشل ویلفیئر جاوید اختر محمود نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی جدوجہد سے بنا ہے اور اس دن کو منانا قومی فریضہ ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو آزادی کے حقیقی مقاصد سے آگاہ کرنے اور ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سرپرستی میں محکمہ سوشل ویلفیئر ہمت کارڈ، دھی رانی پروگرام، افراد باہم معذوری کے لیے معاون آلات کی فراہمی سمیت کئی فلاحی منصوبے کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ ڈی جی طارق قریشی نے بچوں کی شاندار پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مستحکم بنانے کے لیے ہر شہری کو اپنا انفرادی کردار ادا کرنا ہوگا۔

تقریب کے آخر میں شرکا نے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔ بعدازاں ڈی جی سوشل ویلفیئر طارق قریشی نے پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج ڈاکٹر طیبہ وسیم اور میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر محسن شاہ کے ہمراہ جناح ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی اور میڈیکل سوشل سروسز یونٹ کا معائنہ کیا اور دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا۔ طارق قریشی نے کینسر وارڈ اور شعبہ اطفال میں مریضوں اور بچوں سے ملاقات کی اور انہیں یوم آزادی کے موقع پر تحائف بھی پیش کیے۔