گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی یوم آزادی کے موقع پر مزارقائد پر حاضری ، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی

جمعرات 14 اگست 2025 17:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اورر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی اور دعا کی۔جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ کی مزارِ قائد آمد پر وزیرِ اعلی سندھ نے کابینہ کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزار قائد پر جشنِ آزادی کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اورمزار قائد کے احاطے میں پرچم کشائی کی۔

تقریب میں سعودی عرب، امریکہ، ترکیہ، سری لنکا، جرمنی، متحدہ عرب امارات، ایران سمیت کئی ممالک کے قونصل جنرلز اور عوام کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔اس موقع پر گورنر سندھ بچوں میں گھل مل گئے، بچوں نے سیلفیاں بنائیں۔

(جاری ہے)

گورنر سند ھ نے کہا کہ پوری قوم 78واں جشنِ آزادی دگنے جوش و خروش سے منا رہی ہے۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس بار جشنِ آزادی کو ’’معرکہ حق‘‘ کا نام دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاک افواج نے منہ توڑ جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے قوم کا سر فخر سے بلند کیاہے،پاک افواج کی بھارت پر تاریخی فتح کی دنیا بھر میں تعریف ہوئی ہے۔ تقریب میں چیف سیکرٹری سندھ، آئی جی سندھ پولیس، کمشنر کراچی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔