Live Updates

آزادی کسی نعمت سے کم نہیں، آج اور قائداعظم کے پاکستان میں زمین و آسمان کا فرق ہے، اسد قیصر

آزاد خارجہ پالیسی تشکیل ہمارے مستقبل کی ضمانت ،آپریشن سے گریز کر کے بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کیا جائے، سابق سپیکر قومی اسمبلی

جمعرات 14 اگست 2025 19:10

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پوری قوم کو 78ویں جشن آزادی کے موقع پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کسی نعمت سے کم نہیں، بدقسمتی سے آج کے پاکستان اور قائداعظم کے پاکستان میں زمین و آسمان کا فرق ہے، یوم آزادی کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ملک کا سب سے مقبول لیڈر عمران خان، ان کی اہلیہ، پارٹی قیادت اور کارکنان پچھلے دو سال سے قید میں ہیں،عمران خان پاکستان کو قائداعظم کے خوابوں کے مطابق ایک حقیقی جمہوری ریاست بنانا چاہتے ہیں، وہ پاکستان جہاں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہو،عدلیہ اور الیکشن کمیشن آزاد ہوں،ہر شہری کو برابر سمجھا جائے، ہر مذہب کے ماننے والوں کو مکمل تحفظ حاصل ہو،تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیں،اسد قیصر نے کہا کہ عمران خان نے تمام تر ناانصافیوں کے باوجود قوم سے اپیل کی ہے کہ ایک ہاتھ میں پاکستان کا اور دوسرے ہاتھ میں پاکستان تحریک انصاف کا پرچم اٹھائیں،میں ایک بار پھر پالیسی سازوں سے باجوڑ میں جاری آپریشن پر نظرِ ثانی کی اپیل کرتا ہوں،گزشتہ کئی دہائیوں میں جتنے بھی آپریشن ہوئے، ان کا اصل نقصان عام عوام نے اٹھایا، آپریشن سے لوگوں کے گھر اور کاروبار تباہ ہوئے اور پورا علاقہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا، لہذا مزید تباہی سے گریز کریں اور بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کریں، پورے ملک میں ایک گرینڈ ڈائیلاگ کا آغاز کیا جائے، تمام مسائل باہمی مشاورت سے حل کیے جائیں، انہوں نے کہا کہ عوامی امنگوں کے مطابق، پاکستان کے مفادات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ایک آزاد خارجہ پالیسی تشکیل دی جائے، یہی قائداعظم کا پاکستان اور یہی ہمارے مستقبل کی ضمانت ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات