پاکستان کے اسلامی تشخص پر آنچ نہیں آنے دینگے‘چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل

یہ ملک کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل ہوا، نظام قرآن و سنت پر مبنی ہونا چاہیے‘ڈاکٹرراغب حسین نعیمی جامعہ نعیمیہ میں معرکہ حق ویوم آزادی کی مناسبت سے تقریب، اساتذہ اورطلبہ کی بھرپور شرکت

جمعرات 14 اگست 2025 19:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ پاکستان کے اسلامی تشخص پر آنچ نہیں آنے دینگے ، یہ ملک کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا اوراس کا نظام قرآن و سنت پر مبنی ہونا چاہیے، آج ہمیں اپنی تہذیبی و دینی شناخت کو مضبوط کرنا ہوگا، مغربی فکری یلغار، لبرلزم اور مادر پدر آزادی کے نام پر جو نظریاتی حملے کیے جا رہے ہیں ان کے مقابلے کے لیے ہمیں شعوری طور پر تیار رہنا ہوگا،جامعہ نعیمیہ افواجِ پاکستان، رینجرز، پولیس اور تمام سکیورٹی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جو شب و روز وطن کے دفاع میں مصروفِ عمل ہیں،معرکہ حق میں بھارت کو تاریخی شکست ہوئی ،دنیا پر واضح ہوگیا کہ پاکستان اپنادفاع کرنا جانتاہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں معرکہ حق ویوم آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں مولانا غلام نصیرالدین چشتی ،مولانا محبوب احمد،مفتی عمران حنفی،مفتی عارف حسین ،صاحبزادہ حافظ محمدعبداللہ نعیمی،مولانا غلام مرتضی نقشبندی،مولانا غلام یاسین ،مفتی محمدمدنی،قاری محمدامیر قادری،مفتی بلال سلطان،مفتی سلطان صدیقی،مفتی جنید احمد،مولانا محمدسلیم نعیمی سمیت ادارے کی اساتذہ اورطلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ بعد ازاں قومی ترانہ پڑھا گیا جس کے دوران طلبہ اور اساتذہ نے کھڑے ہو کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ پاکستان کی دفاعی ونظریاتی سرحدوں کے محافظ صرف افواج پاکستان ہی نہیں، بلکہ مدارس، جامعات، علما، اساتذہ اور طلباء بھی ہیں۔

ہم سب کو مل کر اپنے اسلامی تشخص، عقیدہ ختم نبوت، دینی اقدار، اور آئینی اسلامی دفعات کا دفاع کرنا ہے اوروطن عزیز کے دفاع کومضبوط سے مضبوط تربنانا ہے،جشنِ آزادی صرف جھنڈیاں لگانے یا آتش بازی کرنے کا دن نہیں، بلکہ یہ تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کو سیکولر بنانے یا دینی شناخت مٹانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔ تعلیمی و دینی اداروں کو چاہیے کہ وہ نئی نسل کو نظریہ پاکستان اور اسلامی اقدار سے جوڑیں۔14 اگست کا دن صرف جشن کا دن نہیں، یہ تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ ہمیں اپنی نسلوں کو وہ شعور دینا ہے جو پاکستان کی اصل پہچان سے جوڑتا ہے۔ پاکستان ہم سب کی امید، عزت اور بقاء کی علامت ہے۔تقریب کے اختتام پر ملک وقومی کی سلامتی کیلئے خصوصی دعاکرائی گئی۔