ملک و قوم کی ترقی و خوشحال میں مدبرانہ قیادت کا کلیدی کردار ہے، گورنر بلوچستان

جمعرات 14 اگست 2025 19:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحال میں مدبرانہ قیادت کا کلیدی کردار ہے، مستعد اور مدبرانہ قیادت ہی ملک کو معاشی بحرانوں سے نکال کر حقیقی تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کرتی ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ حب الوطنی اور جشن آزادی پاکستان کا اظہار قومی جوش و جذبہ سے کریں کیونکہ جشن آزادی کو عملی طور پر منانا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ذی شعور شخص کی قومی ذمہ داری ہے کہ اپنے ملک پاکستان کی بنیاد کو مزید مضبوط کرنے کے اپنے عزم کی تجدید کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیوٹمز یونیورسٹی میں جشن آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر بیوٹمز یونیورسٹی ڈاکٹر خالد حفیظ اور پرووائس چانسلر ڈاکٹر میروائس کاسی سمیت ڈین فیکلٹیز، اساتذہ کرام، سیاسی رہنماؤں اور خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی شریک تھی۔

(جاری ہے)

گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بھارت سے حالیہ جنگ میں پاکستان کی جیت نے ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنے سے کئی گنا بڑھے دشمن کو تاریخی شکست سے دوچار کر دیا، پاکستان کی فتح سے تمام مسلم اقوام کا سر فخر سے بلند ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہے اور پاکستان مسلم ممالک کے ماتھے کا جھومر ہے۔ گورنر مندوخیل نے بیوٹمز یونیورسٹی کی جانب سے دس ہزار سے زائد نئے درخت لگانا اور لوگوں میں پانی کے حوالے سے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کو ماحول دوست اقدامات قرار دیا۔

گورنر مندوخیل نے کہا کہ پاکستان کے شاندار مستقبل کے روشن امکانات ہیں، قدرت نے پاکستان کو وافر وسائل اور معدنیات سے نوازا ہے۔ ضروری ہے کہ ہم انہیں اپنی ملک و قوم کی ترقی کیلئے بروئے کار لائیں۔ گورنر مندوخیل نے صوبے کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر پر زور دیا کہ تعلیمی ماحول کے فروغ اور ادارے کے معیار کو بلند کرنے کیلئے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں تاکہ ہماری یونیورسٹیاں بھی ملک کی بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں شامل ہو جائیں، اس طرح ہم اپنی نمایاں کارکردگی کے ذریعے اسلام آباد، لاہور، کراچی وغیرہ کے اسٹوڈنٹس کو بلوچستان میں ہائیر ایجوکیشن کے حصول کیلئے راغب کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم اور جدید مہارتیں سکھانے سے ہم پاکستان کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنا سکتے ہیں کیونکہ ہم میں ترقی و خوشحالی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے مہمانانِ گرامی اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کیے ۔