پاکستانی سفارتخانہ برسلز میں 78واں یوم آزادی شاندار انداز میں منایا گیا

جمعرات 14 اگست 2025 21:55

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء) بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں پاکستان کے سفارتخانے نے پاکستان کا 78واں یوم آزادی جذبہ حب الوطنی اور وقار کے ساتھ منایا۔ یہ پروقار تقریب سفارتخانے کے چانسلری ہال میں منعقد ہوئی۔تقریب کا آغاز پاکستان کے سفیر برائے یورپی یونین، بیلجیم اور لکسمبرگ، جناب رحیم حیات قریشی کی جانب سے قومی پرچم لہرانے سے ہوا، جس کے ساتھ قومی ترانہ بجایا گیا۔

اس موقع پر صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم/وزیرِ خارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے جن میں بانیانِ پاکستان کی قربانیوں اور پاکستانی قوم کے عزم و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ قیادت نے مسلح افواجِ پاکستان کو تاریخی معرکہ حق میں کامیابی پر بھی سراہا اور قائداعظم محمد علی جناح کے وژن پر عمل پیرا رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں سفیر رحیم حیات قریشی نے قائداعظم اور علامہ محمد اقبال کے رہنما اصولوں کو یاد کرتے ہوئے ایک پرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کے لیے ان کی فکر پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مسلح افواج کے جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص میں بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کے ذریعے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں فتح نے اس سال کے یوم آزادی کو مزید فخر اور شکرگزاری کا رنگ دیا ہے اور پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے اللہ تعالی کے فضل و کرم سے یہ تاریخی کامیابی حاصل کی۔اس موقع پر معرکہ حق پر مبنی ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ تقریب کا اختتام یوم آزادی کا کیک کاٹنے سے ہوا۔تقریب میں بلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد، خواتین اور بچوں سمیت، نے شرکت کی۔ بعدازاں مہمانوں کے لیے پاکستانی روایتی ناشتے کا انتظام کیا گیا جس سے کمیونٹی کو یوم آزادی کی خوشیاں مل کر منانے کا موقع ملا۔